0
Friday 11 Sep 2020 13:28

قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر صدر مملکت کی مزار قائد پر حاضری

قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر صدر مملکت کی مزار قائد پر حاضری
اسلام ٹائمز۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر مزارقائد پر حاضری دی اور کہا کہ قائداعظم کے شہر کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کرکام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مزار قائد پرحاضری دی، گورنر اور وزیراعلٰی سندھ بھی صدر عارف علوی کے ہمراہ تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محنت کرکے پورے سندھ کے حالات بہتر کئے جائیں گے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا کیخلاف صف اول کے ہیروز ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج ہم سب قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے آئے ہیں، قائداعظم کے شہر کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کرکام کریں گے، شہر قائد کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت ایک ساتھ ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج قوم عظیم قائد کو خراج تحسین پیش کررہی ہے، بابائےقوم نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے خواب کو تعبیر دی، قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ کو سچ کر دکھایا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بابائے قوم ایسی مملکت کے خواہشمند تھے جہاں کوئی تفریق نہ برتی جائے، وہ چاہتے تھے ہر شخص کو انصاف ملے اور تمام حقوق حاصل ہوں، آج کا دن ہمیں قائد کی سوچ و نظریہ کو عملی جامہ پہنانے کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، جسے قائد نے پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا، انشاء اللہ کشمیری بھائی اپنا حق خود ارادیت ضرور حاصل کریں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 885564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش