0
Friday 11 Sep 2020 16:42

مشکل وقت میں وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے، بلاول

مشکل وقت میں وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے، بلاول
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ متاثرین برسات کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گی، متاثرین کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے، ہم انٹرنیشنل کیمونٹی سمیت پاکستانی قوم سے مدد کی اپیل کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے، سندھ کے ان متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کو ان متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا چاہیئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو بارشوں سے شدید متاثرہ علاقوں کی صورتحال دیکھنے اور لوگوں کی مدد کے لئے وزیراعظم عمران خان کو ان متاثرہ اضلاع میں لے کر آنا چاہیئے، ہم ویلکم کریں گے۔ بلاول بھٹو نے عمرکوٹ میں شدید بارشوں سے بےگھر ہونے والے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے اور پریس کانفرنس میں میڈیا کے سوالات کےجواب دیتے ہوئے کہی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں حالیہ شدید بارشیں قدرتی آفات ہے، سندھ کے عوام کی اس مشکل وقت میں مدد کے لئے پورے پاکستان کو آگے آنا ہوگا، صاحب ثروت لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے رتنور روڈ پر قائم بارش زدگان کی عارضی خیمہ بستی میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور سندھ حکومت کو آپ کی مشکلات اور پریشانیوں کا بخوبی احساس ہے، انشاءاللہ آپ کی بحالی اور اپنے گھروں کو واپسی کے لئے سندھ حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ بلاول بھٹو نے متاثرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بی بی کا بیٹا آج آپ سے ملنے آیا ہے، مجھے آپ کے دکھوں کا احساس ہے، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، ہم انشاءاللہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، اس نازک صورتحال میں وفاقی حکومت کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، وزیراعظم عمران خان کو سندھ کی عوام کو حقوق دینے ہونگے، کراچی لاہور کی طرح عمرکوٹ کے لئے بھی وفاق کو پیکج دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر وفاق نےحقوق نہ دیئے تو پھر اسلام آباد کی طرف پہنچا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 885606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش