QR CodeQR Code

زیادتی کے مجرم جانور ہیں، انہیں نامرد بنانے کا بل اسمبلی سے منظور کراکر دکھاؤں گا، فیصل واوڈا

11 Sep 2020 17:39

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قوم کی ماں بہن بیٹیوں کی عزت سنبھالنے کیلئے پیر پڑنا پڑا تو بھی پڑجاؤں گا، اب ایسا نہ ہو کہ 2 دن بعد سب بھول جائیں، ہمیں یہ قانون بنانا ہے، میری عدالتوں سے بھی اپیل ہے وہ اس کیس میں ہماری مدد کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ زیادتی کے مجرمان انسان نہیں جانور ہیں، انہیں نامرد بنانے کا بل اسمبلی سے منظور کراکر دکھاؤں گا، مجرموں کو سزائیں دیں گے تو ہی ڈر پیدا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مروہ کیساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ بہت تکلیف دہ ہے، مروا کے والد اور دادا کہہ رہے ہیں ہماری بیٹی چلی گئی باقی کو بچالیں۔ فیصل واوڈ کا کہنا تھا کہ 17 لوگوں کا ڈی این اے ٹیسٹ لیا گیا، ایک آدمی کو پکڑا گیا ہے، جو لوگ خواتین سے زیادتیاں کررہے ہیں وہ انسان نہیں جانور ہیں، بچی کو جس طرح مارا گیا ایسے تو جانور کو بھی نہیں مارا جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے مجرموں کو نامرد بنانے کی سزا کے قانون کو اسمبلی سے منظورکراکر دکھاؤں گا، میں نے ایسے مجرموں کیلئے سرعام پھانسی کی بات اٹھائی ہے، قانون بننے کے بعد عدالت میں 2 ہفتے میں فیصلہ ہونا چاہیئے، مجرم کو اپیل کیلئے بھی صرف 2 ہفتے ملنے چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا قانون بنانا ہے کہ کیس کا فیصلہ ایک ماہ کے اندر ہی ہو، رات اور دن دیہاڑے ایسے گھناؤنے واقعات پیش آرہے ہیں، میری وزیراعظم سے اس حوالے پر تفصیل سے بات ہوئی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ جوان بچی کو بلیک میل کرکے اسے خودکشی پر مجبور کیا جاتا ہے، مروا میری، بلاول بھٹو، شاہدخاقان کی بھی بیٹی کی طرح ہے، ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیئے جو ایسے وقت پر بھی کردار کشی کی بات کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی کہتا ہوں خدارا کھڑے ہوں، خواتین ہماری مائیں ہیں، ہم تو ان کے پیروں تلے جنت مانگتے ہیں، ہمارا مذہب کسی پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دیتا، مجرموں کو سخت سزائیں دیں گے تو ہی ڈر پیدا ہوگا۔ فیصل واوڈ کا کہنا تھا کہ اس جہالت پر مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیئے، پھانسی سے پہلے جو تیزی سے قانونی بل پاس کرانا ہے وہ نامرد کا بل ہے، نامرد بل کے بعد کوشش ہوگی کہ سرعام پھانسی کا بل پاس کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی میمن ایماندار افسر ہیں انہوں نے کہا مروا میری بیٹی ہے، 35 سال میں کراچی میں بدقسمتی سے ڈی این اے لیب بھی نہ بن سکی، وکیلوں سے بات ہوئی ہے ،یہ بل لے کر اسمبلی جارہا ہوں، گھناؤنے جرم کے خلاف ہمیں اس مشن کو جاری رکھنا ہے، اس بل پر کام شروع کرچکا ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قوم کی ماں بہن بیٹیوں کی عزت سنبھالنے کیلئے پیر پڑنا پڑا تو بھی پڑجاؤں گا، اب ایسا نہ ہو کہ 2 دن بعد سب بھول جائیں، ہمیں یہ قانون بنانا ہے، میری عدالتوں سے بھی اپیل ہے وہ اس کیس میں ہماری مدد کریں۔ فیصل واوڈ نے مزید کہا کہ مروا اور اس جیسی تمام بچیاں ہماری بیٹیاں ہیں، ثبوت نہ ملنے پر لوگ بری ہوجاتے ہیں اس پر بھی نظریں رکھنا ہوگی، سیاست کو ایک طرف رکھ کر سب ایک ہوکر اس حوالے سے کام کریں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ قانونی طور پر کسی مدد کی ضرورت پڑے گی تو میں اپنی جیب سے کروں گا، قانونی مدد کے لئے ہم سب کو کھڑا ہونا پڑے گا، بڑے بڑے طوفان ہم نے پار کرلئے یہ اتنا بڑا طوفان نہیں۔


خبر کا کوڈ: 885620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885620/زیادتی-کے-مجرم-جانور-ہیں-انہیں-نامرد-بنانے-کا-بل-اسمبلی-سے-منظور-کراکر-دکھاؤں-گا-فیصل-واوڈا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org