0
Friday 11 Sep 2020 23:11

سوشل میڈیا پر فحش مواد نوجوان نسل کو گمراہ کر رہا ہے، پیر محفوظ مشہدی

سوشل میڈیا پر فحش مواد نوجوان نسل کو گمراہ کر رہا ہے، پیر محفوظ مشہدی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی غفلت کیساتھ معاشرتی بے راہ روی اور بے غیرتی کا ثبوت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا افسوس اسلامی جمہوریہ پاکستان کہلانے والے ملک میں اور ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت میں بچے، بچیوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں، ایسے شرمناک واقعات معاشرتی اور مذہبی اقدار سے دوری کا نتیجہ ہیں۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ زیادتی کے واقعات کے بعد سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا بیان ان کی پسماندگی اور فرائض سے پہلو تہی کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کو باوقار زندگی اور تحفظ دینے کیلئے والدین اور شوہر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، یہ درست ہے کہ خاتون کو اکیلے نہیں نکلنا چاہیئے تھا۔ شوہر، باب یا بھائی کو ساتھ لے کر نکلتی، لیکن اس بہانے کی بنا پر موٹروے اور پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار نہیں پاتی، قصور کی ننھی زینب کا زیادتی کے بعد قتل، بچوں کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعات معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ ہیں، ہمیں بحیثیت قوم اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا کہ کیا ہم مسلمان کہلانے کے بھی قابل ہیں؟ جے یو پی کے رہنماء نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا سے فحش مواد کو ہٹایا جائے، جو نوجوانوں کو بے راہروی کی طرف لے جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 885695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش