0
Saturday 12 Sep 2020 09:20
لاہور، موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیخلاف جماعت اسلامی کا مظاہرہ

جنسی درندگی کے مجرموں کو قرآن و سنت کے مطابق سزا دی جائے، ذکراللہ مجاہد

جنسی درندگی کے مجرموں کو قرآن و سنت کے مطابق سزا دی جائے، ذکراللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کیخلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام  لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ربیعہ طارق صدر وسطی پنجاب، ڈاکٹر زبیدہ جبیں صدر لاہور، رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،  ڈائریکٹر فلاح خاندان عافیہ سرور و دیگر قائدین نے کی۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنیوالے کو قرآن و سنت کے مطابق سزائیں دی جائیں، بچوں اور بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جنسی درندگی کرنیوالوں کو بروقت نشان عبرت بنایا جائے تو زیادتی کے واقعات کا خاتمہ ممکن ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 37 (جی) کے مطابق حکومت عصمت فروشی، قمار بازی، ضرررساں ادویات کے استعمال، فحش لٹریچر اور اشتہارات کی طباعت، نشر و اشاعت اور نمائش کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کرے اور ملک میں حیا کا کلچر عام کیا جائے۔ جنسی زیادتی کے گھناونے اور اندوہناک واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کیساتھ روابط کے ذریعے پورے ملک میں ایسے اداروں، افراد کا سراغ لگایا جائے جو فحاشی اور برائی پھیلا رہے ہیں۔ ربیعہ طارق نے کہا کہ میڈیا پر ہیجان پھیلانے کے بجائے اسلامی اقدار کو فروغ دیا جائے۔

ناظمہ جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہا کہ بچوں، بچیوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کے کیسز میں رہا شدہ مجرموں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور پورے ملک میں بچوں اور بچیوں کیساتھ زیادتی کے مجرموں سمیت موٹروے کے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ بچوں اور بچیوں اور خواتین کیساتھ زیادتی، ریپ اور قتل کے مجرموں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بِلاتاخیر سرِعام پھانسی دی جائے۔ ڈائریکٹر فلاح خاندان عافیہ سرور نے کہا کہ موٹروے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین اپنے تحفظات اور انصاف کیلئے بھرپور آواز بلند کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 885742
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش