0
Saturday 12 Sep 2020 11:00

چیف کورٹ نے نگران وزیر اعلیٰ جی بی کیخلاف نیب کو کارروائی سے روک دیا

چیف کورٹ نے نگران وزیر اعلیٰ جی بی کیخلاف نیب کو کارروائی سے روک دیا
اسلام ٹائمز۔ چیف کورٹ گلگت بلتستان نے نگران وزیر اعلیٰ کیخلاف نیب کو کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ آرڈر 2018 کی موجودگی میں نگران وزیر اعلیٰ کیخلاف کوئی فوجداری کارروائی نہیں ہو سکتی، نگران وزیر اعلیٰ کو فوجداری مقدمات میں استثنیٰ حاصل ہے۔ اس سے پہلے نیب نے گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ کیخلاف پولیس میں دوران ملازمت غیر قانونی بھرتیوں اور تین کروڑ روپے کے خور دبرد کے الزام میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ نگران وزیر اعلیٰ کے علاوہ ڈی آئی جی (ر) محمد حنیف، سابق اے آئی جی (موجودہ نگران وزیر) شوکت رشید ،اے آئی جی (ر) حشمت اللہ خان (تحریک انصاف کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری) کے حلاف دوران ملازمت غیرقانونی اور سمگل شدہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور جعلی دستاویزات کے ذریعے خورد برد کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں میر افضل پر 3 کروڑ، شوکت رشید پر 56 لاکھ، محمد حنیف پر 30 لاکھ اور حشمت اللہ پر 12 لاکھ کی خوردبرد کا الزام ہے۔

احتساب عدالت نے 6 مارچ 2020 کو فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف نیب نے چیف کورٹ میں اپیل دائر کی تاہم عدالت نے نگران وزیر اعلیٰ کو استثنیٰ دیتے ہوئے نیب کو کارروائی سے روک دیا اور نگران وزیر اعلیٰ اور دیگر کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت منتخب حکومت کے قیام تک التوا میں رکھنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے میر افضل اور دیگر افراد کی بریت کے خلاف دائر نیب کی اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ملک حق نواز نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ گلگت بلتستان آرڈیننس کے آرٹیکل 100 کے تحت نگران وزیر اعلیٰ کو فوجداری مقدمات میں استثنیٰ حاصل ہے تو کیا ہم نگران وزیراعلیٰ کے خلاف اس قانون کی موجودگی میں کارروائی چلا سکتے ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر محمد امین نے عدلت کو بتایا کہ گلگت بلتستان آرڈر 2018 کی موجودگی میں نگران وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی بھی فوجداری کارروائی نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے جواب اور قانونی پیچیدگی کی بنیاد پر مقدمے کو گلگت بلتستان میں منتخب حکومت کے قیام تک التوا میں رکھنے اور منتخب حکومت کے قیام کے بعد فوری سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
خبر کا کوڈ : 885760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش