QR CodeQR Code

کراچی میں کالعدم جماعت کی ریلی، مسجد و امام بارگاہ کی بے حرمتی افسوسناک ہے، علامہ اقتدار نقوی 

12 Sep 2020 17:58

ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل کا ملتان میں سپریم کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں تکفیری سوچ نیشنل ایکشن پلان اور شہداء کے خون سے غداری ہے، آرمی چیف اور سیکیورٹی ادارے ملک میں تکفیری سوچ کی حامل جماعتوں کیخلاف کریک ڈائون کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان جسے شیعہ سنی نے مل کر بنایا تھا اور جس کی آبیاری میں لاکھوں پاک فوج، ایف سی، پولیس اور سویلین شہدا کا خون شامل ہے آج ایک بار پھر ملک میں انتشار پیدا کیا جارہا ہے جس کا ملک کسی بھی طرح متحمل نہیں ہے، پاکستانی عوام اہلیبیت اور صحابہ کرام سے محبت اور عقیدت رکھتی ہے لیکن بعض شرپسند تکفیری عناصر اس ملک میں امن کو تباہ کرنے پر تل گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کی سپریم کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے سیکرٹریز اور صوبائی کابینہ کے اراکین موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں تکفیری عناصر کی جانب سے امام بارگاہ اور مسجد کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ غلیظ زبان استعمال کی گئی جو کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے لیے کھلا چیلنج تھا لیکن سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں امام بارگاہ، مسجد کی توہین اور شیعہ کی تکفیر کے نعرے لگائے گئے جو کہ نیشنل ایکشن پلان اور شہداء کے خون کے ساتھ غداری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے دلخراش واقعات سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کا نوٹس لیں وگرنہ ملک میں انتشار کی ایک نئی لہر پیدا ہوگی، علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ کراچی میں کالعدم جماعت کی جانب سے ریلی کا نکلنا اور کالعدم جماعت کے رہنمائوں کا خطاب نیشنل ایکشن پلان کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، ہم سمجھتے ہیں یہ پاکستان جس کی آبیاری میں پاک فوج کے شہداء اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا خون شامل ہے کے ساتھ سنگین غداری ہے، کاش اس ملک میں نیشنل ایکشن پلان اور پیغام پاکستان پر من و عن عمل کرایا جاتا، اُنہوں نے کراچی میں امام بارگاہ اور مسجد کی بے حرمتی اور شیعہ تکفیر کے نعروں پر آرمی چیف، وزیراعظم، چیف جسٹس اور سندھ حکومت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ہمارے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 885852

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885852/کراچی-میں-کالعدم-جماعت-کی-ریلی-مسجد-امام-بارگاہ-بے-حرمتی-افسوسناک-ہے-علامہ-اقتدار-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org