0
Saturday 12 Sep 2020 19:42

شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، حامد رضا

شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور قرآن بورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ موٹروے واقعہ کے ملزمان کو شرعی سزائیں دی جائیں، قوم میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی معاشرتی برائیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے واقعہ پر وزیر اعلی پنجاب نے شاندار ایکشن لیا، اپوزیشن محاذ آرائی کی بجائے ہوش سے کام لے، پنجاب حکومت نے دو سال میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ واریت کو جنم نہیں لینے دیں گے، شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، ملک سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم کو جوڑنے کی بجائے توڑنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، اپوزیشن منفی سیاست کو چھوڑ کر مثبت سیاست کرے، بروقت ایکشن لینے سے موٹروے واقعہ کے ملزمان جلد گرفتار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور انتظامیہ شاباش کی مستحق ہے، تصادم کی سیاست کرنیوالی اپوزیشن قومی ایشوز کی سیاست کرے، کورونا سے نجات حاصل کرنیوالے پاکستان کی حکومت نے شاندار اقدامات اٹھائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب نے مزید ترقی کی ہے، وزیر اعلی پنجاب اور ان کی ٹیم بہترین پرفارمنس دے رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 885876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش