0
Monday 1 Aug 2011 00:28

پشاور، مسجد قاسم علی خان کا رمضان کے چاند کا اعلان، خیبرپختونخوا حکومت کا لاتعلقی کا اظہار

پشاور، مسجد قاسم علی خان کا رمضان کے چاند کا اعلان، خیبرپختونخوا حکومت کا لاتعلقی کا اظہار
پشاور:اسلام ٹائمز۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا اعلان کر دیا گیا ہے اور کل پہلا روزہ رکھنے کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ غیر سرکاری مقامی رویت ہلال کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد مفتی شہاب الدین پوپل زئی نے میڈیا سے خطاب میں کہا کہ مسجد قاسم علی خان میں پانچ مردوں اور ایک خاتون نے چاند کی رویت کی شہادت پیش کی، شرعی شہادتوں کے بعد مقامی رویت ہلال کمیٹی نے یکم رمضان المبارک کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا فرض ہے کہ وہ ان شہادتوں کو بھی سنے جس کی بنیاد پر رمضان المبارک کے چاند کا اعلان کیا گیا ہے۔
دلچسب بات یہ کہ اس دفعہ 28 شعبان کو ہی رمضان کے چاند کا اعلان کر دیا گیا جبکہ ہر سال 29 شعبان کو اجلاس طلب کیا جاتا تھا۔ مفتی شہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس 29 شعبان کو ہی طلب کیا گیا تھا تاہم پانچ مردوں اور ایک عورت کی شہادت پر ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، اور علماء کی بڑی تعداد نے ان شہادتوں کو تسلیم کیا ہے۔
ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء نے اس فیصلے کو قانوناً، اخلاقی، اور سائنسی لحاظ سے غلط قرار دیا ہے، تمام علما اس بات پر متفق ہیں کہ کم از کم اسلامی مہینہ 29 روز کا ہوتا ہے لیکن مسجد قاسم علی خان میں اس بات کا خیال نہیں رکھا گیا۔ گواہوں میں ایک گواہ کا تعلق حیات آباد سے ہے لیکن اہم سوال یہ اُٹھتا ہے کہ حیات آباد بیس لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے وہاں سے صرف عورت کی گواہی کو ہی کیوں تسلیم کیا گیا۔ دوسری گواہی پشاور سے لی گئی لیکن اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پورے پشاور سے ایک ہی شخص کو چاند نظر آیا؟۔ مسجد علی قاسم سال کے دس مہینے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کرتی ہے، صرف دو مہینے ہی کیوں تسلیم نہیں کرتی۔ آخری سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تمام گواہان کو چاند رات دس بجے ہی کیون نظر آیا جبکہ چاند پہلے روز تھوڑی دیر بعد نظر نہیں آتا۔ یہ سوالات ہیں جن کے جوبات مفتی شہاب کو دینا ہوں گے۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے اس فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، کمیٹی میں کوئی حکومتی رکن شامل تھا۔ ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق آج ژونل کمیٹی بیٹھے گی اور اس کے فیصلے پر عمل کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی جانب سے آج روزہ نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 88588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش