QR CodeQR Code

کراچی میں‌ایک بار پھر طوفانی بارش کی پیش گوئی، الرٹ جاری

13 Sep 2020 15:30

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوب اور جنوب مشرقی سندھ کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو پہلے سے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مون سون کی ہوا کے کم دباؤ کے باعث مون سون کا سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات اور ممبئی کے جانب موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں کل یعنی 13 ستمبر کی شام یا رات میں بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب سندھ میں ایک اور طوفانی بارشوں کے اسپیل کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے سندھ نے الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوب اور جنوب مشرقی سندھ کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو پہلے سے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صوبے میں مون سون کے ساتویں اسپیل کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب آیا تھا، اندرون صوبے کی بات کی جائے تو وہاں نہروں، دریا میں پانی کا لیول بڑھ جانے کی وجہ سے اطراف کے علاقے وسیع پیمانے پر تباہ ہوئے تھے جبکہ کراچی میں‌ بھی بیشتر علاقے زیرآب آگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 885996

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/885996/کراچی-میں-ایک-بار-پھر-طوفانی-بارش-کی-پیش-گوئی-الرٹ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org