0
Sunday 13 Sep 2020 20:53

گلگت ہیڈکوارٹر ہسپتال کرونا کے پھیلائو کا سبب بن رہا ہے، الیاس صدیقی

گلگت ہیڈکوارٹر ہسپتال کرونا کے پھیلائو کا سبب بن رہا ہے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ صوبائی ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت میں کرونا کے پھیلاﺅ کا سبب بن رہا ہے۔ ایمرجنسی میں صرف 3 بندوں سے چوبیس چوبیس گھنٹے کام لیا جا رہا ہے حالانکہ ایمرجنسی میں اٹھارہ ڈاکٹر و ملازمین کی ضرورت ہے۔ یہ چند ملازمین کرونا کے مریضوں کو بھی دیکھ رہے ہیں اور ساتھ عام مریضوں کو بھی۔ ڈاکٹرز اور دیگر کئی سٹاف اٹیچمنٹ پر من پسند جگہوں پر ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ پی ایچ کیو ہسپتال ویران پڑا ہوا ہے۔ ہم نے تمام فورمز پر آواز بلند کی اور ایک دو دن میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ سے ایک بار پھر مطالبہ دہرائیں گے اگر پھر بھی ہسپتال کا مسئلہ حل نہ ہوا تو جمعرات کے روز چیف کورٹ میں پیٹیشن دائر کرینگے۔ اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں گریڈ ون سے ٹیکنیشن کا کام لیا جا رہا ہے جبکہ جن کے پاس ڈپلومہ ہے اب کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے باہر سے لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے جن کے پاس کوئی تجربہ نہیں، ہسپتال میں ناقص انتظامات اور سہولیات کا فقدان پر ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کیونکہ اس ہسپتال پر پورے صوبے کا بوجھ ہے لیکن یہاں سہولیات سرے سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہی ہسپتال میں لائے گئے تین خواتین اور دو مرد مریضوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی۔ لیکن ان مریضوں کو دیکھنے والے سٹاف کے پاس نہ تو کوئی پی پی ایز ہے اور نہ ہی دیگر سہولیات۔ چند سٹاف سے چوبیس چوبیس گھنٹے کام لیا جا رہا ہے، یہ سٹاف عام مریضوں کے ساتھ کرونا کے مریضوں کو بھی دیکھ رہا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار ہی نہیں کی جا رہی، سٹاف کے پاس پی پی ایز نہیں، ہسپتال میں کرونا سے بچاﺅ کیلئے کوئی اقدامات ہی نہیں، لوگوں کا بھیڑ جمع ہے اور بغیر کسی ماسک کے ہسپتال میں مجمع اکھٹا ہو رہا ہے۔ پی ایچ کیو ہسپتال گلگت میں کرونا کے پھیلاﺅ کی سب سے بڑی وجہ بن رہا ہے اور لوگوں کو متاثر کر رہا ہے، اس وقت گلگت کے آدھے سے بھی زیادہ لوگ کرونا سے متاثر ہیں لیکن تشخیص نہ ہونے سے سامنے نہیں آ رہے، صوبائی ہیڈکوارٹر ہسپتال کا یہ حال ہے تو پھر دیگر ہسپتالوں کا خدا ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سال سے ہسپتال کی حالت زار پر چیخ رہے ہیں، ہر فورم پر آواز بلند کی لیکن ہسپتال پر کوئی توجہ دینے والا نہیں، چیف کورٹ ہر اہم ایشوز پر نوٹس لے رہی ہے اور کئی اہم مسئلے حل بھی کروا دیئے ہیں، ہمارا چیف کورٹ سے مطالبہ ہے کہ اس حساس ترین معاملے پر بھی ازخود نوٹس لیا جائے۔ کیونکہ یہ ہسپتال پورے صوبے کی ضرورت ہے اور سب سے اہم مسئلہ بھی ہے۔ پھر بھی ہم جمعرات کے روز چیف کورٹ میں پیٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش