0
Sunday 13 Sep 2020 23:06

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ملنے والا فنڈ کہاں جاتا ہے؟ سوالات اٹھنے لگے

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ملنے والا فنڈ کہاں جاتا ہے؟ سوالات اٹھنے لگے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا برا حال ہے، بارشوں کے بعد صورت حال مزید خراب ہوچکی ہے، اس پس منظر میں سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ملنے والا فنڈ کہاں جاتا ہے؟ تفصیلات کے مطابق شہر میں سیوریج لائنز سالوں پرانی ہونے کے باعث جگہ جگہ دھنسنے اور لیک کرنے لگی ہیں، ایف بی ایریا، دستگیر، عائشہ منزل بلاک 10 میں صورت حال نہایت خراب ہوچکی ہے۔

عزیز آباد بلاک 2، گلبرگ بلاک 14 میں بھی ابتر صورت حال ہے، سیوریج کی لائن کی لیکج کے باعث پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو جاتا ہے، گلبرگ میں پلے گراؤنڈ کے باہر بھی سیوریج کا پانی جمع ہے۔ سیوریج کے پانی سے نہ صرف شہریوں کو آنے جانے میں مشکلات اور آمد و رفت متاثر ہے بلکہ کئی دن سے پانی کھڑا ہونے کے باعث کئی جگہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

ادھر فوڈ اسٹریٹ پر کھانا کھانے آنے والے شہری بھی سیوریج کے پانی سے نہ بچ سکے ہیں، فیڈرل بی ایریا بلاک 14، حسین آباد اور جاوید نہاری کے سامنے گٹر ابل پڑے ہیں، شاہراہیں سیوریج کے پانی کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑنے لگیں۔

بارش کو پندرہ دن گزرنے کے باوجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا ادارہ نکاسی کا کام نہ کرسکا، سیوریج کے پانی کے باعث نئی تعمیر سڑک پر بھی گڑھے پڑگئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سے سیوریج کا پانی جمع ہے لیکن واٹر بورڈ کے افسران اور ایکس سی این صفائی کے لئے رشوت طلب کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش