0
Monday 14 Sep 2020 09:27
ایوب نے بھٹو، ضیاء نے نواز شریف اور جنرل پاشا نے عمران خان کو لیڈر بنایا

پاکستان میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہونیوالا ہے، سراج الحق

پاکستان میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہونیوالا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں منعقدہ سیاسی، انتخابی اور تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کارکنوں کو بلدیاتی انتخابات کیساتھ ساتھ جنرل الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی پشت سے سہارا دینے والے ہاتھ پیچھے ہٹتے ہی یہ حکومت کسی خستہ عمارت کی طرح دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گی، ایوب خان نے بھٹو، ضیاءالحق نے نواز شریف اور جنرل پاشا نے عمران خان کو لیڈر بنایا، یہ کسی نظریے، اہلیت یا عوامی حمایت کی بنا پر لیڈر نہیں بنے، فوجی گملوں میں پھلنے پھولنے والے ملک کے نظریے اور جغرافیے کی حفاظت نہیں کر سکے، بھٹو نے آدھا پاکستان گنوایا اور موجودہ حکومت کے دور میں کشمیر پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا اور بھارت نے اس پر مستقل قبضہ کرلیا۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہونیوالا ہے، پاکستان کا قیام اور مختصر عرصہ میں ایٹمی قوت بننا اللہ تعالیٰ کا معجزہ ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ضائع نہیں کرے گا اور پاکستان اپنے قیام کے مقصد میں ضرور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی حقیقی جمہوری اور کرپشن فری جماعت ہے، ہمیں جہاں بھی اقتدار ملا ہم نے ڈلیور کرکے دکھایا، اگر یہاں جمہوریت، پولنگ سٹیشن اور ووٹر آزاد ہوتا تو آج ملک طرح طرح کے بحرانوں سے دوچار نہ ہوتا، ہم حکومت یا نیب سے ڈرنے والے نہیں، عوام کے حقوق کیلئے ظالم کے گریبان کو پکڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں، پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت بچانے اور ن لیگ نیب کے مقدمات سے جان چھڑانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے، ملک پر مسلط ظلم و جبر اور استحصالی نظام سے نجات کا صرف ایک راستہ ہے اور وہ اسلامی نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد قوم کو متحد کرکے ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے، ہم ریاست اور حکومت کو شریعت کی پابند بنانا اور ایسی اسلامی حکومت چاہتے ہیں جو قرآن و سنت کے احکامات کو عملی طور پر نافذ کر سکے تاکہ انسانوں پر انسانوں کی خدائی کو ختم کیا جا سکے، کسی کا معاشی استحصال نہ ہو، دولت کی منصفانہ تقسیم ہو اور تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف کی جو سہولتیں امراء کو حاصل ہیں وہی غریبوں اور پسے ہوئے طبقہ کو میسر ہوں۔ 
خبر کا کوڈ : 886090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش