0
Monday 14 Sep 2020 11:00

آزادکشمیر، بھارتی شیلنگ سے 6 شہری زخمی

آزادکشمیر، بھارتی شیلنگ سے 6 شہری زخمی
اسلام ٹائمز۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے آزاد جموں و کشمیر کے دو مختلف اضلاع میں کم از کم چھ شہری زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ضلع پونچھ کے بٹل سیکٹر میں بھارت کی جانب سے اتوار کے روز لگاتار دوسرے دن بھی گولہ باری جاری رہی جس کے نتیجے میں شام پانچ بجے کے قریب تائی گاؤں میں دو بہنیں اور ایک نوعمر لڑکا زخمی ہوا۔ ان کی شناخت 26 سالہ نعیم اختر، 24 سالہ ظہین اختر اور 16 سالہ محمد ارباز کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب انہیں راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال بھیج دیا گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھارتی گولہ باری کی وجہ سے اس ہی سیکٹر میں دو عام شہری زخمی ہوئے تھے۔ ان کی شناخت تائی گاؤں کے 45 سالہ محمد لطیف اور ناتر گاؤں کے 55 سالہ نثار شاہ کے نام سے ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ ہفتے ہی کے روز بھارت کی گولہ باری سے بھمبر ضلع کے علاقے بندالا میں 27 سالہ امبرین کوثر زخمی ہو گئی تھیں۔

11 اور 12 ستمبر کی درمیانی شب قابض بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہادت اور چار معصوم شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پاکستان نے بھارت کی اشتعال انگیزی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ صرف اسی سال بھارت کی جانب سے سیز فائر کی 2225 مرتبہ خلاف ورزی کی جا چکی ہے جس کے نتیجے میں 18 افراد شہید اور 176 زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ نے معصوم شہریوں پر بھارتی افواج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی اقدامات 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق اور عالمی اقدار کی بھی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے جس سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 886101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش