QR CodeQR Code

بلوچستان حکومت نے آٹا پر سبسڈی جاری کر دی

14 Sep 2020 14:44

ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک کوئٹہ ڈویژن صلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انتہائی سستے داموں آٹے کی فراہمی کا یہ خصوصی پیکج عوام کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمٰن کھیتران اور چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی ہدایت پر عوام الناس کو مارکیٹ سے انتہائی سستے داموں آٹے کی فراہمی کا سلسلہ محکمہ خوراک کی جانب سے شروع کردیا گیا ہے، وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 20کلو آٹے کی بوری عوام کو سبسڈی کے طورپر 930 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جس کا مارکیٹ میں ریٹ 1280روپے ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک کوئٹہ ڈویژن صلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انتہائی سستے داموں آٹے کی فراہمی کا یہ خصوصی پیکج عوام کو سبسڈی اور ریلیف کی فراہمی ہے، محکمہ خوراک کی جانب سے مقامی فلور ملز کو ہدایات جاری کی گئی ہے جو کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں رعایتی بنیادوں پر آٹا عوام کو فراہم کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جو لوگ مارکیٹ سے آٹا خریدنے کی اسطاعت نہیں رکھتے ان تک رعایتی بنیادوں پر آٹا فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹے کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے باضابطہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مقامی فلور ملز کے مالکان کے ساتھ ملکر شہر کے مختلف علاقوں میں سستے آٹا کی فراہمی کے لیے دورے کررہی ہیں۔ اس لیے عوام وزیراعلیٰ جام کمال اور صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمن کھیتران کی جانب سے شروع کی گئی آٹا سبسڈی پیکج کا خصوصی فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل خوراک کے دفتر سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 886141

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886141/بلوچستان-حکومت-نے-آٹا-پر-سبسڈی-جاری-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org