QR CodeQR Code

گورنر جی بی کا چیئرمین واپڈا سے رابطہ، دیامر ڈیم منصوبے کی ملازمتوں میں گلگت بلتستان کو کوٹہ نہ دینے پر احتجاج

14 Sep 2020 15:05

گورنر گلگت بلتستان نے چیئرمین واپڈا سے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے مشتہر ملازمتوں میں جی بی کو نظرانداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان اور خصوصاً ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے مشتہر اسامیوں میں گلگت بلتستان کو کوٹہ نہ دینے پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے مطالبے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گورنر گلگت بلتستان نے چیئرمین واپڈا سے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے مشتہر ملازمتوں میں جی بی کو نظرانداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان اور خصوصاً ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین واپڈ ا مزمل حسین نے گورنر جی بی راجہ جلال حسین مقپون کو یقین دلایا کہ رواں ہفتے گریڈ 1 سے 15 کی 450 اسامیوں کو مشتہر کیا جائے گا اور تمام اسامیوں پر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے خصوصاً دیامر کے نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا تاکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں جو قربانی یہاں کے باسیوں نے دی ہے اس کاازالہ کیا جاسکے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر کے بعد جی بی سمیت پورا پاکستان اس سے منصوبے سے مستفید ہوگا اور جی بی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس منصوبے کی تمام اسامیوں پر جی بی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 886148

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886148/گورنر-جی-بی-کا-چیئرمین-واپڈا-سے-رابطہ-دیامر-ڈیم-منصوبے-کی-ملازمتوں-میں-گلگت-بلتستان-کو-کوٹہ-نہ-دینے-پر-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org