0
Monday 14 Sep 2020 19:26

پنجاب کابینہ نے صوبے میں یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کی منظوری دیدی

پہلے مرحلے میں کلاس ون سے کلاس 5 تک یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا
پنجاب کابینہ نے صوبے میں یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت میں پنجاب کابینہ کا 35واں اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ اجلاس میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر پیش آنیوالے دلخراش واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ پنجاب کابینہ نے متاثرہ خاتون اور خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور متاثرہ خاتون کو جلد از جلد انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ متاثرہ خاتون کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنائیں گے، کیس پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے، جلد اچھی خبر دیں گے۔ غیر ذمہ دارانہ بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے پنجاب کابینہ کو کیس پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اورنج ٹرین کا کرایہ 50 روپے مقرر کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔ اجلاس میں لاہور کے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نئی پبلک ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کیلئے اختیارات عارضی طور پر موٹروہیکلز ایگزامینیرز کو دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کورونا کی صورتحال کے تحت محکمہ ہائر ایجوکیشن میں طلبہ کی پرموشن/ ایگزامینیشن پالیسی 2020 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب مدارس اینڈ سکولز ایکٹ 2019 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے صوبے میں یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کے اقدام کی منظوری دے دی۔ وفاقی حکومت کی مشاورت سے پہلے مرحلے میں کلاس ون سے کلاس 5 تک یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا۔ اجلاس میں اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں واقع جناح پارک کی مینجمنٹ کی لیز میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے توسیع کی منظوری دی۔ اجلاس میں ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبرزکی تقرری اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2019 کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پروٹیکشن ایگنسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس ایکٹ 2010 میں ترمیم اور دی پنجاب ڈرگز ترمیمی بل 2020 کی منظوری دی گئی۔ ملتان کے غلہ گودام کی پرانی عمارت میں جنرل ہسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ میں بنانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مختلف کمپنیوں اور انتظامی محکموں کی لگژری گاڑیاں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے پول میں بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ گاڑیوں کے استعمال یا نیلام کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کی گورننگ باڈی کیلئے غیر سرکاری ارکان کی تعیناتی، پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل اور پنجاب سوشل سکیورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ازسرنوء تشکیل کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال 2020-21 کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کنیئرڈ کالج کی پرنسپل کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ میں ہونیوالے فیصلوں کی مشروط توثیق کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 34 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 37 ویں، 38ویں اور 39ویں اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 28 ویں اور 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 886197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش