0
Monday 14 Sep 2020 20:47

موٹروے واقعہ پر پوری قوم سوگوار لیکن وزیر اعظم غائب ہیں، شہباز شریف

موٹروے واقعہ پر پوری قوم سوگوار لیکن وزیر اعظم غائب ہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موٹروے واقعہ کے بعد وزیر اعظم غائب ہیں۔ حکومت اس بحث میں الجھی ہوئی ہے کہ موٹروے کے اوپر کس کا کنٹرول ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کی تجویز پر معمول کی کارروائی معطل کرکے لاہور-سیالکوٹ موٹروے گینگ ریپ کیس پر بحث کا فیصلہ کیا گیا جہاں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اس واقعے کے بعد وزیراعظم غائب ہیں اور ایک لفظ تک نہیں کہا۔ اسپیکر نے لاہور-سیالکوٹ موٹر وے واقعہ پر بحث کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہہ واقعہ ہمارے ماتھے پر بدنما داغ ہے اور اس پر وقفہ سوالات کے بعد بحث شروع کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اس واقعے سے سب کے سرشرم سےجھک گئے تاہم مقام شکر ہے کہ آج وہ ملزم گرفتار ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے خوف ناک اور دل کو دہلا دینے والے واقعات اور اس روش کو کیسے روکا جائے یہ اہم سوال ہے، مگر شومئی قسمت کہ اس سانحے سے پوری قوم سوگوار تھی تو حکومت وقت اس بحث میں الجھی ہوئی تھی اس موٹر وے کے اوپر کس کا کنٹرول ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی ایک لاچار بیٹی کے اوپر ظلم ہو چکا تھا مگر حکومت کے ایوانوں اور ٹی وی کی اسکرینوں میں یہ بحث چل رہی تھی کہ یہ پنجاب حکومت کے کنٹرول میں نہیں بلکہ وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہے اور اس طرح کے بیانات چل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کو گرفتار کرنے کے لیے تمام توانائی صرف کرنے کے بجائے پولیس افسر نے کہا کہ یہ رات کو کیوں نکلیں، یہ کہے کہ پیٹرول نہیں تھا تو چیک کیوں نہیں کیا اور رات کے اندھیرے میں کیوں نکلی، کوئی بھی ذی شعور انسان اس طرح کی بات سوچ بھی نہیں سکتا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سوچنا ہوگا کہ روز اس طرح کے واقعات کیوں ہوتے ہیں، قصور میں زینب کے واقعے کے چند دنوں بعد خیبرپختونخوا میں بھی ایک بچی کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا اور لاہور کی فرانزک لیبارٹری کی مدد سے ملزم پکڑے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عمران خان گلہ پھاڑ پھاڑ کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے تھے، اس واقعے پر مکمل غائب اور خاموش ہیں، ایک لفظ تک نہیں کہا اور وزیر اعظم کا وطیرہ بن چکا ہے کہ جب قوم خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہے اور وزیراعظم کو تلاش کرتی ہے تو وہ اچانک غائب ہو جاتے ہیں اور خاموش ہو جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش