QR CodeQR Code

وزیراعظم کا سندھ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہ کرنا بے حسی کی انتہا ہے، جماعت اسلامی

14 Sep 2020 23:29

امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ حکومت محض اعلانات کی بجائے بارش متاثرین کی عملی مدد کرے، عوام کو بھکاری نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کرپشن فری و عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت محض اعلانات کی بجائے بارش متاثرین کی عملی مدد کرے، عوام کو بھکاری نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کرپشن فری و عملی اقدامات اٹھائے جائیں، وزیراعظم عمران خان کا سندھ کے بارش متاثرہ علاقوں کا دورہ نہ کرنا افسوس ناک اور بے حسی کی انتہا ہے، کیونکہ وہ کسی ایک صوبے کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، مصیبت زدہ عوام کی داد رسی ان کی اولین ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے ضلع دادو کے گوٹھ بہاول ببر میں بارش متاثرین کیلئے قائم الخدمت خیمہ بستی میں امدادی سامان تقسیم کے دوران کیا۔ الخدمت سندھ کے ڈیزاسٹر ڈائریکٹر خیر محمد تنیو، امیر ضلع دادو مولانا واحد بخش و دیگر مقامی رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کاشف سعید شیخ نے کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ مسائل کا شکار ہے، حالیہ بارش کے دوران پورے صوبہ میں 150 کے قریب افراد لقمہ اجل اور بڑے پیمانے پر فصلوں، مویشی، گھروں و دیگر املاک کا نقصان ہوا، مگر صوبائی اور وفاقی حکومت اب تک اعلانات تک محدود اور بڑی بڑی سرکاری گاڑیوں و جہازوں پر دوروں کے علاوہ متاثرین کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ جماعت اسلامی پارٹی رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، سندھ کے بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حسب حال امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 886261

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886261/وزیراعظم-کا-سندھ-کے-بارش-سے-متاثرہ-علاقوں-دورہ-نہ-کرنا-بے-حسی-کی-انتہا-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org