0
Tuesday 15 Sep 2020 10:10

لاہور سمیت ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئیں

لاہور سمیت ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئیں
اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کیساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کووڈ 19 کے باعث پاکستان میں 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنے کا آغاز ہو گیا۔ میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلبا کی کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچاؤ کیلئے سپرے کئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کو سکول اور کالج بلایا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلبا کو سکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری سکول کے بچے سکول جائیں گے۔
 
حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن20 بچوں کو سکول بلایا جائے گا۔ ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں سکول نہ بھیجیں، طبیعت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو سکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش