QR CodeQR Code

مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، عمران خان

15 Sep 2020 10:20

ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ بے شک دنیا اسرائیل کو تسلیم کرے، جب تک فلسطین ایسا نہیں کریگا، کوئی فرق نہیں پڑیگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل نہیں نکلتا، اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، بے شک دنیا اسرائیل کو تسلیم کرے، جب تک فلسطین ایسا نہیں کرے گا، کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بنیادی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، جب بھی کوئی ملک اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے تو سب سے زیادہ مزاحمت فلسطین سے کی جاتی ہے۔ جب اسٹیک ہولڈرز تسلیم نہیں کر رہے تو ہم کیسے تسلیم کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑا ہونا چاہیئے، کیونکہ قائداعظم شروع سے اُن کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملکی سیاست پر بھی گفتگو کی اور ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا صرف ایک ایجنڈا ہے اور وہ ہے اپنی کرپشن کو بچانا، اپوزیشن صرف این آر او چاہتی ہے، نواز شریف کوشش کریں گے کہ واپس نہ آئیں، ہم نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کریں گے، ان کے کیس بند نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی کے لوگوں کو مردم شماری پر شک ہے اور ان کے تحفظات درست ہیں۔ کراچی ترقی نہیں کرتا کیونکہ حکومت دیہی سندھ سے ہوتی ہے اور فنڈ ان کے پاس ہوتے ہیں۔ پنجاب کی سیاست سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بھی کچھ لوگ وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار کی صرف ایک کمزوری ہے کہ میڈیا پر خود کو پروموٹ نہیں کرسکے، عثمان بزدار اپنی پبلسٹی پر شہباز شریف کی طرح اربوں روپے خرچ نہیں کرتے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ بھی جا سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 886314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886314/مسئلہ-فلسطین-کے-حل-تک-اسرائیل-کو-تسلیم-نہیں-کیا-جا-سکتا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org