0
Tuesday 15 Sep 2020 11:10

پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ
اسلام ٹائمز۔ صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حوالے سے متعلق پاک فضائیہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے طیارے سے پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہے اور زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز نے ایک اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارہ گرنے کے چند واقعات ماضی قریب میں پیش آئے ہیں جن میں ہوا بازوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔ اس سے قبل11 مارچ کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔ 12 فروری کو خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔ ادھر 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب معمول کی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
خبر کا کوڈ : 886320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش