0
Tuesday 15 Sep 2020 13:34

کراچی میں اسکول کھلنے کے پہلے ہی روز طالبہ جاں بحق

کراچی میں اسکول کھلنے کے پہلے ہی روز طالبہ جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہوگئی اور طالبہ کو سانس لینے میں بھی دشواری ہو رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ اریبہ جاں بحق ہوگئی، اسکول مالک آصف خان کا کہنا ہے کہ طالبہ اریبہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی تھی، جس کے بعد اریبہ کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ انتقال کرگئی، اریبہ سیڑھیوں کے تیسرے اسٹیپ سے سر کے بل گری تھی۔ اسکول مالک آصف خان نے کہا کہ اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی اور درجہ حرارت بھی نارمل تھا، تاہم طالبہ کو ماسک لگانے کے باعث سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی۔

پولیس نے اسکول مالک کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق اسکول مالک کو تھانے طلب کیا ہے، جہاں تفصیلی بیان قلمبند کیا جائے گا اور تمام سوالات کے جوابات طلب کیے جائیں گے، تاہم سوالات کے جواب نہ ملے تو پھر پولیس ایکشن لے گی، جبکہ پولیس بچی کے والدین سے بھی ملاقات کرے گی۔ دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے طالبہ کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے، جاں بحق طالبہ کے حوالے سے مکمل رپورٹ جلد صوبائی وزیر تعلیم کو پیش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 886358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش