QR CodeQR Code

استعماری قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتی ہیں، حامدالحق حقانی

15 Sep 2020 20:18

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام فرقے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، فرقہ واریت کو منظم انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی کا کہنا ہے کہ استعماری قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتی ہیں، اہلبیتؑ اور صحابہ کرامؓ کی ناموس ہم پر لازم ہے۔ لاہور میں جے یو آئی کی مجلس عمومی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام فرقے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، فرقہ واریت کو منظم انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لئے ہم تمام مکاتب فکر کے علماء سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے اپنے پیروکاروں کو پُرامن رہنے کی تلقین کریں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے، اس سانحہ میں ملوث مجرموں کو ڈی چوک میں پھانسی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں بازاروں میں ہمارے بچے محفوظ نہیں، انگریزی قوانین اور فرسودہ نظام کو ختم کرکے اسلامی قوانین نافذ کرنا ہوں گے۔ مولانا حامد الحق حقانی کا کہنا تھا کہ خاتون کیساتھ ریپ نہیں ہوا بلکہ اُسے قتل کیا گیا، اب وہ سر اُٹھا کر نہیں چل سکتی، عمران خان کا نامرد والا بیان منظور نہیں، اگر ایک ہفتے میں حکمران سرعام پھانسی یا ڈی چوک میں سر قلم کر دیتے تو مزید ایسے واقعات نہ ہوتے۔


خبر کا کوڈ: 886372

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886372/استعماری-قوتیں-ملک-میں-فرقہ-وارانہ-فسادات-کروانا-چاہتی-ہیں-حامدالحق-حقانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org