0
Tuesday 15 Sep 2020 18:35
وائٹ ہاؤس میں خصوصی تقریب ہو گی

یو اے ای، بحرین کا اسرائیل سے معاہدہ شرمناک ہے

بحرین بھی اسرائیلی جرائم میں شراکت دار ہے، ایران
یو اے ای، بحرین کا اسرائیل سے معاہدہ شرمناک ہے
اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بحرین باضابطہ طور پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے معاہدے پر آج دستخط کریں گے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں خصوصی تقریب کا انعقاد آج وائٹ ہاؤس میں ہو گا۔ دوسری جانب ترکی اور ایران نے بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے بعد اب بحرین بھی اسرائیل کے جرائم کا شراکت دار ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بحرین کے حکمران اب صہیونی ریاست کے جرائم کی صورت میں خطے میں سکیورٹی اور عالم اسلام کو لاحق خطرات کے شراکت دار ہوں گے۔ ایران نے کہا ہے کہ خطے اور فلسطین میں دہشتگردی، خونریزی اور مظالم کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ہمارے دو بہترین دوست اسرائیل اور بحرین امن معاہدے کیلئے رضامند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ بحرین اسرائیل کو تسلیم کرنے والا دوسرا عرب ملک ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک افسوسناک معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آسکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ کرانے میں ثالث کا کردار ادا کیا۔ یاد رہے کہ عرب ممالک کی جانب سے فلسطینی بھائیوں سے تاریخی خیانتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے کےتحت پہلے عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا اور دونوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا باقاعدہ دور شروع ہوا اور بعد ازاں بحرین نے اسرائیل کے ساتھ اعلانیہ سفارتی تعلقات کی داغ بیل ڈالی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 886402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش