QR CodeQR Code

بچوں سے زیادتی اور گمشدگی کی روک تھام، سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، مرتضیٰ وہاب

15 Sep 2020 19:53

اپنے ویڈیو بیان میں مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قانون سازی بھی کی گئی ہے، بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات پر سب سے پہلے ون فائیو 15 مددگار پر اطلاع دی جائے۔


اسلام تائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور گمشدگی کے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے اپنے ایک اہم ویڈیو بیان میں بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قانون سازی بھی کی گئی ہے، بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات پر سب سے پہلے ون فائیو 15 مددگار پر اطلاع دی جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ تھانے جانے سے قبل ون فائیو پر اطلاع سے علاقہ پولیس سمیت دیگر علاقوں کی پولیس بھی متحرک ہوجاتی ہے، ون فائیو پر اطلاع سے وائرلیس کے ذریعے تمام پولیس کو ایسے واقعہ کی اطلاع دی جاتی ہے، والدین کی شکایت قانونی شکل میں ریکارڈ پر بھی آجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے ساتھ اگر ایسا واقعہ پیش آئے تو وہ فوری طور پر 15 مددگار پر اطلاع کرے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے والدین سے اپیل کہ ہم سب مل کر ان گھناؤنے واقعات میں ملوث درندوں کو کیفر کردار تک پہنچا سکتے ہیں، آیئے ملکر ان ظالموں کے خلاف آواز بلند کریں اور سندھ حکومت اور سندھ پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں۔


خبر کا کوڈ: 886414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886414/بچوں-سے-زیادتی-اور-گمشدگی-کی-روک-تھام-سب-کو-ملکر-کام-کرنا-ہوگا-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org