QR CodeQR Code

مودی نے چین کے معاملے پر ملک کو گمراہ کیا ہے، راہل گاندھی

15 Sep 2020 22:37

پارلیمنٹ میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اس کے بعد سوال کیا کہ جب راجناتھ سنگھ کو چین کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بیان دینا تھا تو نریندر مودی کو اس اہم وقت ایوان میں ہونا چاہیئے تھا لیکن وہ ایوان میں نہیں آئے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے چین کے بارے میں آج دیئے گئے بیان واضح ہوگیا ہے کہ نریندر مودی نے چینی فوجیوں کی دراندازی کے معاملے پر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے بیان سے یہ واضح ہے کہ مودی نے چینی تجاوزات پر ملک کو گمراہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک ہمیشہ ہی ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا، لیکن مودی آپ چین کے خلاف کب کھڑے ہوں گے۔؟ چین سے مارے ملک کی زمین کب واپس لیں گے، چین کا نام لینے سے ڈرو نہیں۔

پارلیمنٹ میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اس کے بعد سوال کیا کہ جب  راجناتھ سنگھ کو چین کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بیان دینا تھا تو نریندر مودی کو اس اہم وقت ایوان میں ہونا چاہیئے تھا لیکن وہ ایوان میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اس معاملے پر ملک کو گمراہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کی سرحد میں نہ تو کوئی داخل ہوا ہے اور نہ ہی چینی فوج نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ بعد میں یہ بات واضح ہوگئی کہ چینی فوجی ہندوستانی حدود میں داخل ہوگئے تھے اور مودی کے بیان پر حکومت کو وضاحت کرنی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے وادی گلوان میں بھی ملک کے 20 بہادر فوجی شہید ہوئے لیکن حکومت کے پاس اس بارے میں کوئی جواب نہیں ہے، لہٰذا وہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے سے ڈر رہی ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے کہا کہ کانگریس ملک میں اتحاد کا پیغام دینا چاہتی ہے اور گمراہ کن بیانات کو مسترد کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پارلیمنٹ میں وزیر دفاع کے بیان کے دوران پارٹی واک آؤٹ کر گئی۔


خبر کا کوڈ: 886442

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886442/مودی-نے-چین-کے-معاملے-پر-ملک-کو-گمراہ-کیا-ہے-راہل-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org