QR CodeQR Code

پنجاب اسمبلی میں پاس ہونیوالے تحفظ بنیاد اسلام بل کو جلد از جلد قانونی شکل دیکر نافذ کیا جائے، جے یو آئی(س)

16 Sep 2020 00:23

جے یو آئی(س) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اہل سنت کی طرف سے تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت کیلئے جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور جمعیت کیطرف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحابہ کرام کی توہین کرنیوالے عناصر کو دہشتگرد اور غیر ملکی ایجنٹ قرار دیکر قرار واقعی سزا دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ ملک میں قتل و غارت گری، جنسی درندگی اور دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے فی الفور شرعی قوانین کا نفاذ عمل میں لایا جائے، نفاذ شریعت ہماری منزل ہے، اسلام اور پاکستان کا دفاع مقدس ہے، بیرونی قوتوں کا مقابلہ کیا جائے گا، ناموس صحابہ و اہل بیت کیلئے جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ہم مولانا سمیع الحق شہید کا مشن جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (س) کی مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحابہ کرام و اہل بیت عظام کے خلاف حالیہ دنوں میں ایک مکتبہ فکر کی طرف سے بدزبانی اور توہین کے واقعات پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اہل سنت کی طرف سے تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت کیلئے جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا اور جمعیت کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ صحابہ کرام کی توہین کرنے والے عناصر کو دہشت گرد اور غیر ملکی ایجنٹ قرار دے کر قرار واقعی سزا دی جائے۔

جمعیت کا مطالبہ ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پاس ہونے والے تحفظ بنیاد اسلام بل کو جلد از جلد قانونی شکل دے کر نافذ کیا جائے اور اس طرح کی مذہبی معیشت گردی کا سدباب کرنے کیلئے سخت قوانین ملکی سطح پر پارلیمنٹ میں منظور کروائے جائیں۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ جمعیت سمجھتی ہے کہ ملک میں فرقہ واریت پیدا کرنا اسرائیل، ایران، بھارت اور دیگر پاکستان دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے، تمام محب وطن قوتیں اور اسلامی تنظیمیں متحد ہوکر اس کوشش کو ناکام بنائیں گی۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرف فاروقی، مرکزی نائب صدر امیر شیخ الحدیث مفتی حبیب الرحمن درخواستی، مولانا بشیر احمد شاد، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا یوسف شاہ، مولانا عبدالقدوس نقشبندی، مولانا عبدالخالق ہزاروی، قاری عتیق الرحمن، مولانا عبدالصمد درخواستی، قاری سعید احمد رحیمی اور جمعیت کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین اور چاروں صوبوں سے امرا عمومی نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 886489

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886489/پنجاب-اسمبلی-میں-پاس-ہونیوالے-تحفظ-بنیاد-اسلام-بل-کو-جلد-قانونی-شکل-دیکر-نافذ-کیا-جائے-جے-یو-آئی-س

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org