QR CodeQR Code

وفاقی حکومت کا گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کانفرنس بلانے کا فیصلہ

16 Sep 2020 12:18

اگلے ہفتے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے جی بی میں بڑی سرمایہ کاری کانفرنس بلائی جائے گی جس میں ملک بھر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے گا اور کانفرنس میں علاقے کی ترقی کیلئے طویل اور قلیل المدتی پالیسی بنائی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی اور جی بی حکومت نے گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے ہفتے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے جی بی میں بڑی سرمایہ کاری کانفرنس بلائی جائے گی جس میں ملک بھر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے گا اور کانفرنس میں علاقے کی ترقی کیلئے طویل اور قلیل المدتی پالیسی بنائی جائے گی۔ اس بات کا اتفاق جی بی کے مشیر خزانہ وقار عباس اور وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر کے مابین ہونی والی ملاقات میں کیا گیا۔ صوبائی مشیر خزانہ وقار عباس نے اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وقار عباس نے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسد عمر کو گلگت بلتستان میں توانائی، سیاحت، معدنیات اور جنگلات کے شعبوں میں موجود مواقع پر بریفنگ دی۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ سیاحت توانائی اور معدنیات کے شعبے پر توجہ دی گئی تو کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ وفاقی حکومت کا تعاون حاصل رہا تو گلگت بلتستان معاشی حب بن سکتا ہے، یہاں مختلف شعبوں میں کام کرنے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر نے نگراں مشیر خزانہ وقار عباس کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی اور گلگت بلتستان کی تعمیر ترقی کیلئے قلیل اور طویل المدتی پالیسی بنائی جائے گی۔ وفاقی حکومت خاص کر وزیراعظم کا پورا فوکس اس وقت گلگت بلتستان پر ہے۔ سیاحت توانائی کے شعبے پر بڑا پیسہ خرچ کیا جائے گا، فیڈرل پی ایس ڈی پی میں جی بی کے بجٹ میں پچاس فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 886567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886567/وفاقی-حکومت-کا-گلگت-بلتستان-میں-سرمایہ-کاری-کانفرنس-بلانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org