QR CodeQR Code

نون لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، جی بی الیکشن پر غور

16 Sep 2020 23:34

سینیٹر راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور مربوط حکمت عملی اور ٹھوس اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت کو روکنے کے لئے بھی مربوط اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان انتخابات کے  لیے بنائے گئے مسلم لیگ نون کے پارلیمانی بورڈ کا غیر معمولی اجلاس سینٹ میں قائد حزب اختلاف و پارٹی چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم و رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مرکزی سکریٹری جنرل مسلم نون و رکن قومی اسمبلی احسن اقبال، اراکین قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف، چودھری محمد برجیس طاہر، خرم دستگیر، ایاز صادق، سنیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، سینیٹر مشاہد حسین سید جبکہ گلگت بلتستان سے ممبران پارلیمانی بورڈ سابق وزیر اعلی و صدر مسلم لیگ نون گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، سابق سینئر وزیر و سکریٹری جنرل مسلم لیگ نون گلگت بلتستان حاجی اکبر تابان، صوبائی ترجمان مسلم لیگ نون و چیئرمین قائمہ کمیٹی جی بی کونسل محمد اشرف صدا، سابق وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ، ممبر جی بی کونسل ارمان شاہ اور سابق نگران وزیر جی بی بشارت اللہ شریک تھے۔ اجلاس میں مسلم لیگ نون جی بی کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان نے پارلیمانی بورڈ کے وفاقی ممبران کو گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا۔

اکبر تابان، اشرف صدا، اورنگزیب ایڈووکیٹ، ارمان شاہ اور بشارت اللہ نے الیکشن کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور حکمت عملی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پایمانی بورڈ کے وفاقی ممبران نے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ نون کی سابقہ حکومت کی جانب سے صوبے میں امن کی بحالی، تاریخ ساز ترقیاتی عمل اور گڈ گورننس کے حوالے سے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ پانچ سالہ حکومت کو گلگت بلتستان کی تاریخ کا سنہرا دور قرار دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نون اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی اور الیکشن کے تمام مراحل کو وفاقی سطح پر نہایت ہی سنجیدگی سے مانیٹر کیا جائے گا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے  کئی اہم فیصلے کیے گئے اور مربوط حکمت عملی اور ٹھوس اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت کو روکنے کے لئے بھی مربوط اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 886690

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886690/نون-لیگ-کے-پارلیمانی-بورڈ-کا-اجلاس-جی-بی-الیکشن-پر-غور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org