0
Wednesday 16 Sep 2020 23:47

حکومت کو عوام کے روٹی، روزگار کی نہیں، سیاسی مخالفین کی فکر ہے، امیر مقام

حکومت کو عوام کے روٹی، روزگار کی نہیں، سیاسی مخالفین کی فکر ہے، امیر مقام
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے بارے میں حکومت کا سیاسی انتقامی رویہ واضح ہے، پارٹی کا فیصلہ ہے کہ نواز شریف علاج کے بعد صحت مند ہوکر واپس آئیں، موجودہ حکومت کو عوام کے روٹی، روزگار کی نہیں، سیاسی مخالفین کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت تباہ ہوگئی ہے، حکمرانوں کو فکر نواز شریف کی ہے، عوام سیلاب میں بہہ گئے، حکمرانوں کو شہباز شریف کی فکر ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، حکومت کو حمزہ شہباز کی فکر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ضلعی صدر سرزمین خان کی رہائش گاہ ریمن خان چغرزی کے بھتیجے کی فاتحہ خوانی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جتنا شور مچاتی ہے، عدالت سے اتنی ہی جلدی بھاگ جاتی ہے، جھوٹی حکومت نے نواز شریف کی بیماری اور علاج پر بھی یوٹرن لے لیا ہے، اس حکومت کی نیت، پالیسی، زبان اور بیان گھڑی کی سوئیوں کی طرح ہیں، ایک کروڑ نوکریاں کہاں غائب ہوگئیں؟ اس سوال سے ڈر کر وزیراعظم ہی غائب ہوگیا ہے، پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ اب حکومت نے یہ بیان دینا ہی چھوڑ دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف قوم کو دھوکہ دے رہی ہے۔ قوم مسلط کردہ حکومت سے نجات چاہتی ہے، حکومت ہر مخالف کو جیل میں ڈالنا چاہتی ہے، جمہوریت کے نام پر آنے والے آمر بن گئے ہیں، عمران نیازی میں اتنی جرات نہیں کہ آزاد میڈیا کا سامنا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے صرف وزارت عظمیٰ کے حصول کیلئے 22 کروڑ عوام کے گلے پر چری پھیرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، نواز شریف اور ان کی جماعت محسن پاکستان ہیں، انکا ہر اقدام پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اٹھایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 886693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش