QR CodeQR Code

بشار الاسد کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی ٹرمپ کا بیان اس حکومت کے فکری انحطاط کو ظاہر کرتا ہے، شام

16 Sep 2020 23:58

شامی خبررساں ایجنسی سانا کیمطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیجانب سے شامی صدر بشار الاسد کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی ایک بیان پر شامی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان غنڈہ گردی کے اس نظام کی غمازی کرتا ہے جسکے تحت اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے کسی بھی قسم کے جرائم کا ارتکاب کیا جا سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شامی صدر بشار الاسد کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی ایک بیان کے منظر عام پر آنے کے بعد شامی وزارت خارجہ نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بیان کو امریکی حکومت کی گھٹیا سوچ کی علامت قرار دیا ہے۔ شامی خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بشار الاسد کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے جاری ہونے والا امریکی صدر کا بیان، اس دولت کے فکری انحطاط اور گھٹیا سیاسی روہے کو آشکار کرتا ہے۔

شامی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان غنڈہ گردی کے اس نظام کی غمازی کرتا ہے جس کے تحت اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے کسی بھی قسم کے جرائم کا ارتکاب کیا جا سکتا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس فیصلے پر مبنی ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعتراف اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکی حکومت ایک ایسے گمراہ اور قانون کے دائرے سے خارج نظام کا نام ہے جس نے اپنے مفادات کے حصول کے لئے خطے کے اندر قانونی، انسانی یا اخلاقی قواعد سے عاری قتل و غارت اور منظم دہشت گردی کا بازار گرم رکھا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جاری ہفتے کے دوران امریکی نیوز چینل فاکس نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے برملا اعتراف کیا تھا کہ وہ شامی صدر "بشار الاسد" کو بھی ایک ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں قتل کرنا چاہتے تھے تاہم سابقہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس ان کے اس فیصلے میں مانع بن گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 886697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886697/بشار-الاسد-کی-ٹارگٹ-کلنگ-پر-مبنی-ٹرمپ-کا-بیان-اس-حکومت-کے-فکری-انحطاط-کو-ظاہر-کرتا-ہے-شام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org