0
Monday 1 Aug 2011 16:11

قدس کی آزادی کا واحد راستہ مسلح جہاد ہے، حماس

قدس کی آزادی کا واحد راستہ مسلح جہاد ہے، حماس
اسلام ٹائمز- العالم نیوز چینل کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی پارلمانی کمیٹی کے صدر اور اعلی سطحی سیاسی رہنما جناب خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اور قدس شریف کی آزادی صرف اور صرف مسلح جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ وہ غزہ میں ملائیشیا سے آئے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔
جناب خلیل الحیہ نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم امریکہ کی جانب سے کھلی حمایت، یورپی ممالک کے کمزور موقف اور عرب ممالک کے درمیان اختلافات کے باعث ملت فلسطین کے حقوق کو آئینی حیثیت دینے سے گریز کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی قوم ہر جائز وسیلے سے دشمن کا مقابلہ جاری رکھے گی۔ حماس کے سیاسی رہنما نے فلسطینیوں کے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم آزادی فلسطین، پی ایل او، کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ بند گلی تک پہنچ چکا ہے اور ان مذاکرات کے نتیجہ بخش ہونے کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔
دوسری طرف حماس کے معروف سیاسی رہنما محمود الظہار نے بھی فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کے دعووں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سے رجوع ایک سیاسی فراڈ ہے، اقوام متحدہ دو ریاستی نظام کا حل چاہتی ہے جو ہمارے لئے قابل قبول نہیں کیونکہ ہم کسی حالت میں بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے۔
جناب محمود الظہار نے زور دے کر کہا کہ ہم سرزمین فلسطین کے ایک سنٹی میٹر پر بھی اسرائیلی تسلط کو قبول نہیں کر سکتے کیونکہ اسرائیلی ریاست ایک بوگس ریاست ہے۔
خبر کا کوڈ : 88686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش