QR CodeQR Code

عظمت صحابہ و اہلسنت کیخلاف کوئی ہرزہ سرائی اور بدزبانی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی، مظہر سعید کاظمی

18 Sep 2020 00:26

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایٹمی قوت پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کرنے کے بجائے ہماری اساس اور نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہوکر ہماری سالمیت و استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ دربار کاظمیہ کے سجادہ نشین اور جامعہ انوار العلوم کے شیخ الجامعہ صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ 24 ستمبر جمعرات کو ملتان میں ناموس رسالت و عظمت صحابہ و اہل بیت مارچ ہماری دینی و ایمانی حمیت و غیرت کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا۔ علماء و مشائخ اور عوام اہل سنت کے اس پرامن مارچ کو کامیاب اور تاریخ ساز ثابت کرنے  کے لیے اپنا مجاہدانہ کردار ادا کریں۔ وہ آج جامعہ انوارلعلوم میں مدارس دینیہ کے مہتمین، اساتذہ اور اہل سنت کی تمام تنظیموں کے ذمہ داران سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ اول حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سے محبت رکھنا اور شکر گزار رہنا فرمان رسول کے مطابق امت محمدیہ پر واجب ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وطن عزیز کی غالب اکثریت سواد اعظم اہل سنت، ناموس رسالت و عظمت صحابہ و اہل سنت کے خلاف کوئی ہرزہ سرائی اور بدزبانی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ خانقاہوں کے سجادہ نشین، علماء و مشائخ اور جماعت اہل سنت کے لاکھوں کا رکن میدان عمل میں نکل آئیں۔

سابق وفاقی وزیر اور نظام مصطفےٰ پارٹی کے سربراہ صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں دنیا بھر میں اسلام اور ملت اسلامیہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ایٹمی قوت پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کرنے کے بجائے ہماری اساس اور نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہوکر ہماری سالمیت و استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت کی حالیہ لہر پاکستان کو ماضی قریب کی فرقہ وارانہ قتل و غارت کی خوفناک آگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔ اجتماع سے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی، صاحبزادہ مفتی محمد عثمان پسروری، علامہ حافظ عبدالعزیز سعیدی، محمد ایوب مغل، مرزا محمد ارشد عطاری، قاضی محمد بشیر گولڑی اور دوسرے علمانے بھی خطاب کی، جبکہ اجتماع میں علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، محمد ایوب مغل، مفتی محمد عثمان پسروری، سید محمد رمضان شاہ فیضی، قاری فیض بخش رضوی، ملک محمد نیاز بھٹہ، مولانا محمد سلیم بلالی، قاری خادم حسین سعیدی، قاضی محمد بشیر گولڑوی اور سینکڑوں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 886878

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886878/عظمت-صحابہ-اہلسنت-کیخلاف-کوئی-ہرزہ-سرائی-اور-بدزبانی-ہرگز-برداشت-نہیں-کی-جائیگی-مظہر-سعید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org