QR CodeQR Code

کٹھ پتلی انتظامیہ کے دعوے ذرائع ابلاغ تک ہی محدود ہیں، عمران نبی ڈار

18 Sep 2020 11:16

این سی کے ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ اب مالی پیکیج کا ڈنڈورہ بھی پیٹنے لگی ہے جبکہ ماضی کی پیکیجوں کا کوئی حساب نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کٹھ پتلی انتظامیہ کے تعمیر و ترقی، عوام کی راحت رسانی اور مالی پیکیج کے دعوے صرف ذرائع ابلاغ تک ہی محدود ہیں جبکہ زمینی سطح پر تمام تر دعوے سراب ثابت ہوجاتے ہیں۔ این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ بڑے زور شور سے بیک ٹو ولیج پروگرام کی تشہیر کررہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس پروگرام کے پہلے دو مراحل سرے سے ہی ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان مرحلوں کے دوران منظور کئے گئے کاموں کے لئے نہ تو ابھی تک رقومات واگذار کی گئی اور نہ ہی مجوزہ پروجیکٹوں کا فالو اَپ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج محض ایک ڈرامہ ہے اور یہ باہری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا ایک حربہ ہے۔

این سی کے ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ اب مالی پیکیج کا ڈنڈورہ بھی پیٹنے لگی ہے جبکہ ماضی کی پیکیجوں کا کوئی حساب نہیں۔ نئی دلی نے جموں و کشمیر کے لئے 80 ہزار کروڑ پیکیج کا اعلان کیا، لیکن زمینی سطح پر ایک بھی پیسے کا کام بھی نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جموں و کشمیر سے متعلق پیکیج صرف اعداد و شمار کی ہیرا پھیری ثابت ہوئے ہیں۔ عمران نبی ڈار نے کہا کہ پنچایتی نظام کے بارے میں اس طرح کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ جیسے جموں و کشمیر میں پہلے پنچایتی الیکشن ہوئے ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی نے جموں و کشمیر میں دکھاوے کے لئے پنچایتی الیکشن کروائے۔


خبر کا کوڈ: 886902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886902/کٹھ-پتلی-انتظامیہ-کے-دعوے-ذرائع-ابلاغ-تک-ہی-محدود-ہیں-عمران-نبی-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org