QR CodeQR Code

بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے، شاہ محمود

18 Sep 2020 12:26

اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال گذشتہ 7 دہائیوں سے کر رہا ہے تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال گذشتہ 7 دہائیوں سے کر رہا ہے تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جس کے باعث ہندوستان کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں آزادکشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے اور شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جا رہا ہے، کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کو قبول نہیں کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے، اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کو وقتی طور پر بہت بڑا ریلیف ملا ہے، کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے اور ان حالات میں یہ بڑا ریلیف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا، طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آ سکتی ہے تاہم  ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہو گا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔


خبر کا کوڈ: 886926

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886926/بھارتی-اقدامات-کی-وجہ-سے-آج-کشمیریوں-میں-اشتعال-پایا-جاتا-ہے-شاہ-محمود

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org