QR CodeQR Code

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 13 تعلیمی ادارے بند

18 Sep 2020 13:32

پشاور، ضلع ٹانک اور دیر بالا میں سرکاری سکولز بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تیار کی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ملک بھر میں مزید 13 تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 13 تعلیمی ادارے بند کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے 10 اور سندھ میں 3 تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے کے بعض تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ سکولز کو بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔ پشاور، ضلع ٹانک اور دیر بالا میں سرکاری سکولز بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 15 ستمبر کو 14 اضلاع کے سکولز سے ایک ہزار 236 نمونے لئے گئے تھے۔ 13 سکول ٹیچرز میں کورونا ٹیسٹ مثبت اور 623 کے منفی آئے تھے، 600 کورونا ٹیسٹوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ پشاور کے نجی سکول میں بھی کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے 2 سکول اور 2 کلاس رومز کو 5 دنوں کیلئے بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ متاثرہ سکولزمیں 7 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا سے متاثرہ اساتذہ کو گھروں میں قرنطین کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی پاکستان میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 22 تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا کے 16، اسلام آباد میں ایک اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی ادارے بند کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث بند سکول 15 ستمبر کو کھولے گئے ہیں۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا اور جرمانے ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 886947

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886947/ایس-او-پیز-کی-خلاف-ورزی-پر-مزید-13-تعلیمی-ادارے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org