QR CodeQR Code

کوئٹہ، سریاب روڈ اور نوحصار پر بین الاقوامی سطح کا سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائیگا، جام کمال

18 Sep 2020 14:42

جائزہ اجلاس میں وزیراعلٰی بلوچستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ضلع کی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقعوں جبکہ خواتین، بچوں اور عام لوگوں کو صحتمندانہ تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے اور یہ منصوبہ رواں مالی سال کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے،


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبے کے تمام اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کے منصوبے کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ تمام ڈویژنل کمشنرز جو کہ اس منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں کو اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے سرکاری اراضی کی جلد از جلد نشاندہی کرنے اور پی سی ون کی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ 10 اضلاع میں اراضی کی دستیابی اور پی سی ون سمیت دیگر امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مشیرِ کھیل عبدالخالق ہزارہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور منصوبے کے کنسلٹنٹ بھی اجلاس میں شریک تھے، ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوتے ہوئے منصوبے سے متعلق امور پر بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری کھیل عمران گچکی نے اجلاس کو اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں سپورٹس کمپلیکسز کے ڈیزائن بھی پیش کئے گئے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ضلع کی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقعوں جبکہ خواتین، بچوں اور عام لوگوں کو صحتمندانہ تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے اور یہ منصوبہ رواں مالی سال کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے، وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں پہلے سے مختلف کھیلوں کے اسٹیڈیم اور دیگر سہولتیں موجود ہیں منصوبے کے تحت انہیں بھی بہتر بنایا جائے جبکہ سپورٹس کمپلیکسز میں وہ سہولیات فراہم کی جائیں جو پہلے سے دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ریڈیو اسٹیشن سریاب روڈ اور نوحصار یا نواں کلی کے علاقوں میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے اور ان کا معیار اتنا بلند رکھا جائے گا کہ ان میں بین الاقومی سطح کے مقابلے بھی منعقد کئے جا سکیں۔ سیکرٹری خزانہ نے آگاہ کیا کہ کھیل کے شعبہ کی ترقی و ترویج کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں جن کا ضرورت کے مطابق فوری اجراء کیا جائے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 886965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886965/کوئٹہ-سریاب-روڈ-اور-نوحصار-پر-بین-الاقوامی-سطح-کا-سپورٹس-کمپلیکس-تعمیر-کیا-جائیگا-جام-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org