QR CodeQR Code

بڑی خبر، سندھ حکومت کا 21 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

18 Sep 2020 16:34

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ 15 ستمبر سے اسکول، کالج اور یونیورسٹیز کھلیں، میں نے 4 دن مستقل مختلف جگہوں پر بغیر بتائے دورہ کیا، سب کچھ ایک کرکے کھلتا گیا لیکن ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز 21 ستمبر سے نہیں کھلیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 ستمبر سے اسکول، کالج اور یونیورسٹیز کھلیں، میں نے 4 دن مستقل مختلف جگہوں پر بغیر بتائے دورہ کیا، کاروبار شروع ہونے سے قبل تاجروں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، سب کچھ ایک کر کے کھلتا گیا لیکن ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہم سب پر کرم کیا کورونا میں کمی آئی، کورونا سے ہلاکتوں میں بھی کمی ہوئی، کچھ دن ایسے بھی گزرے ایک بھی موت نہیں ہوئی، اسکولز کھلنے کے حوالے سے پورے ملک میں تشویش تھی۔ سعید غنی نے کہا کہ کئی بار کہا کہ اسکول کھولنے کا فیصلہ سب سے مشکل ہوگا، بچے باہر جائیں گے تو دوسرے لوگوں سے ملیں گے، آخر میں بڑی کلاسز کے بچوں کو 15 ستمبر سے بلانے کا فیصلہ ہوا، بدقسمتی سے کچھ اسکولوں نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ پرائیویٹ اسکولز نے خاطر خواہ اقدامات کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے اسکولوں کے حالات کافی بہتر تھے جبکہ کچھ نجی اسکولوں نے چھوٹے بچوں کو بھی بلایا، جس پر ہم نے اسکول سیل کردیئے۔ وزیر تعلیم سندھ نے مزید کہا کہ اگر نجی اسکولوں نے بچوں کو بلالیا تھا تو ایس او پیز پر تو عمل کرتے، نہ بچوں نے ماسک پہنے ہوئے تھے اور نہ ہی فاصلہ تھا، کچھ بڑے اسکولوں میں بھی ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا، اگر بچوں نے ماسک لگایا ہوا تھا تو گارڈز نے نہیں لگایا ہوا تھا۔ سعید غنی نے اعلان کیا کہ دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے، چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز 21 ستمبر سے نہیں کھلیں گی۔


خبر کا کوڈ: 886990

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/886990/بڑی-خبر-سندھ-حکومت-کا-21-ستمبر-سے-دوسرے-مرحلے-میں-اسکول-کھولنے-فیصلہ-مؤخر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org