QR CodeQR Code

مذہبی منافرت کی موجودہ لہر کے پیچھے استعماری قوتوں کا ہاتھ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

18 Sep 2020 21:09

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ وہ مسلم ممالک جو امریکہ و اسرائیل کی صف میں شامل ہونے کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، وہ سخت مغالطے میں ہیں، انہیں ماضی کے ان مسلمان حکمرانوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امریکہ میں امارات، بحرین اور اسرائیل کے مابین ہونے والے معاہدے کو عالم اسلام کے مفادات کے خلاف استکباری طاقتوں کا گٹھ جوڑ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے امریکہ نے اپنی عملی کوششیں اچانک تیز کر دی ہیں، ڈیل آف دی سنچری کی راہ میں ممکنہ رکاوٹ بننے والے ممالک کو ان کے داخلی معاملات میں الجھا کر یہود و نصاریٰ بڑی تیزی کے ساتھ اپنے اہداف کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلم ممالک جو امریکہ و اسرائیل کی صف میں شامل ہونے کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، وہ سخت مغالطے میں ہیں، انہیں ماضی کے ان مسلمان حکمرانوں سے سبق سیکھنا ہوگا، جنہیں امریکہ نے کمال ہوشیاری کے ساتھ استعمال کرکے اپنے ہی عوام کے ہاتھوں ذلیل و رسوا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی دوستی اور ظاہر اس خوشنما سانپ کی مانند ہے، جو اپنے اندر جان لیوا زہر چھپائے ہوئے ہے، وطن عزیز میں مذہبی منافرت کی موجودہ لہر کے پیچھے بھی ان استعماری قوتوں کے ہاتھ ہیں، جو پاکستان کے عوام کی حساس عالمی موضوعات سے توجہ ہٹاکر انہیں آپس میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں، تاکہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی ردعمل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور خلیجی ریاستوں کے باہمی روابط اور تعلقات کے حوالے سے اپنا مؤقف دوٹوک انداز میں واضح کرے، اسرائیل کے بارے میں پاکستان کے عوام کے جذبات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، امید ہے کہ اس سلسلے میں پاکستانی دفتر خارجہ کا مؤقف عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 887033

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887033/مذہبی-منافرت-کی-موجودہ-لہر-کے-پیچھے-استعماری-قوتوں-کا-ہاتھ-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org