0
Saturday 19 Sep 2020 20:00

جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا

جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے قبل ہی حکومت مخالف جماعتوں میں واضح اختلاف سامنے آ گیا، بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کو بڑا جھٹکا، ملک بھر میں حکومت مخالف اجتماعات میں سٹریٹ پاور شو کرنیوالی سیاسی قوت جماعت اسلامی پاکستان نے اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی کل ہونیوالی اے پی سی میں شرکت نہیں کرئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے اپوزیشن لیڈر شپ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہمیں اپوزیشن جماعتوں کی سیاسی اور حکومت مخالف سرگرمی سے کوئی اختلاف نہیں تاہم جماعت اسلامی پہلے سے مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت، شعائر اسلام کیخلاف حکومتی اقدامات کیخلاف اور مسئلہ کشمیر پر جراتمند، بہادر کشمیریوں کی پشتی بانی کیلئے اپوزیشن کا دوٹوک صاف ستھرا کردار ادا کر رہی ہے، ہماری جدوجہد اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کیلئے جاری ہے، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، با اختیار بلدیاتی نظام، شفاف اور غیر جانبدانہ انتخابی نظام کیلئے ملک گیر تحریک چلائے گی۔

قیصر شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا اعتماد بحال کرنے میں سخت محنت کرنا ہوگی، حال ہی میں بعض اپوزیشن جماعتوں نے اپنے بار بار بدلتے اقدامات سے خود اپوزیشن کی پوزیشن کو کمزور بنایا، سینیٹ چیئرمین انتخاب اور عدم اعتماد، فوجی عدالتوں اور فوجی سربراہوں کی توسیع ملازمت اور ایف اے ٹی ایف کے قومی غلامی پر مبنی قانون سازی پر اپوزیشن جماعتیں دباؤ کے سامنے نہ جھکتیں تو آج اپوزیشن کیلئے بڑی آسانیاں ہوتیں۔

قیصر شریف نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کا سیاسی، آئینی اور جمہوری حق ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب اس کے نتائج کا قوم کو انتظار رہے گا، جماعت اسلامی کو اپوزیشن کی حکومت مخالف سیاسی سرگرمی سے کوئی اختلاف نہیں، حکومت کی ناکامی اور نااہلی نے از خود اپوزیشن کو احتجاج کا موقع مہیا کر دیا ہے، جب پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیاں بے کار بنا دی جائیں، آئین سے انحراف ہو اور عوام پر مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے کوڑے برسائے جائیں تو احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں بچتا۔
خبر کا کوڈ : 887095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش