0
Saturday 19 Sep 2020 10:07

کورونا، یورپ اور اسرائیل سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن کا آغاز

کورونا، یورپ اور اسرائیل سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ کورونا کے وار پھر شروع، یورپ، اسرائیل سمیت دنیا کے کئی ممالک میں لاک ڈائون کا آغاز، دنیا میں کیسز 3کروڑ، بھارت میں 96 ہزار نئے مریض، فرانس میں ہلاکتوں میں اضافہ، عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے اموات 50ہزار رہیں جو ناقابل قبول حد ہے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے خطرات بڑھنے لگے ہیں اور تیزی کیساتھ کیسز میں اضافے نے کئی ترقی یافتہ ممالک کے حکام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے، دنیا بھر میں اس وقت کورونا سے 9 لاکھ 46ہزار سے زائد مریض چل بسے ہیں جبکہ کیسز بھی 3 کروڑ 2 لاکھ سے تجاوز کر گئے، امریکا میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 97ہزار اموات سامنے آ چکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں یومیہ 2 لاکھ 86 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، گزشتہ ہفتے یورپ میں کورونا کیسز میں 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ کیسز میں 3 گنا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ مشرق وسطیٰ میں 13، امریکا کینیڈا میں 11 ایشیا میں 7، لاطینی امریکا میں 3 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ 

گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اموات بھارت میں ایک ہزار 160یومیہ ریکارڈ کی گئیں، صرف گزشتہ روز بھارت میں 96 ہزار نئے کیسز اور 1,174اموات دیکھنے میں آئی ہیں۔ اسرائیل نے بڑھتے کیسز کو کنٹرول کرنے کیلئے لاک ڈائون لگا دیا گیا ہے، اس لاک ڈائون کا نفاذ یہودیوں کے سال نو سے کچھ گھنٹے قبل ہی ہوا جس میں 3 ہفتے کی توسیع کی گئی ہے۔ دوسری جانب فرانس میں بھی کورونا وائرس سے ہونیوالی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، گزشتہ ہفتے فرانس میں 129 مریض چل بسے تھے جب کہ رواں ہفتے 265 مریض دم توڑ گئے ہیں، فرانس اور برطانیہ مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں، میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ سال نو پر لندن میں آتش بازی نہیں ہو گی۔ برطانوی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں پھر لاک ڈائون نافذ کیا جا سکتا ہے، اسپین بھی نئی پابندیوں کا اعلان کرنے والا ہے۔ امریکا اور کینیڈا نے سفری پابندیوں میں 21 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی ڈائریکٹر مائیکل ریان نے کورونا کے باعث گزشتہ ہفتے ہونیوالی 50 ہزار اموات کو ناقابل قبول حد قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ہفتے کورونا سے 18 لاکھ افراد متاثر ہو رہے ہیں جبکہ 40 سے 50 ہزار اموات دیکھی جا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 887097
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش