0
Saturday 19 Sep 2020 20:08

مقبوضہ کشمیر کے تجارتی سیکٹر کیلئے 1350 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان

مقبوضہ کشمیر کے تجارتی سیکٹر کیلئے 1350 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو جموں کشمیر کے بیمار اقتصادی سیکٹر میں نئی روح پھونکنے کے لئے 1350 کروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ”یہ تو آغاز ہے مزید بہت کچھ آنا باقی ہے“۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں، آٹو ڈرائیوروں، ہاوس بوٹ مالکان اور شکارا والوں کے لئے ایک پیکیج کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے۔ راج بھون سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایل جی سنہا نے کہا ”میں نے جب چارج سنبھالا تو میں نے کہا تھا کہ لوگوں کے مسائل عوام کے تعاون کے بغیر حل نہیں ہونگے“۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اگست 18 کو 35 وفود سے ملاقات کی جس کے بعد کے کے شرما کی سربراہی میں کمیٹی عمل میں لائی گئی، میں خوش ہوں کہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وقت مقررہ پر پیش کی ہے، میں اس لئے بھی خوش ہوں کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی سرکاری کمیٹی نے کم سے کم وقت پر اپنی رپورٹ مکمل کرکے پیش کی ہے۔

ایل جی کے مطابق کمیٹی نے 1350 کروڑ روپے اقتصادی پیکیج کی سفارش کی ہے تاکہ بیمار تجارتی سیکٹر میں نئی جان ڈالی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آج اس پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔ یہ تو محض آغاز ہے، آگے اور بھی بہت کچھ آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پیکیج اُس پیکیج کا حصہ ہے جس کا اعلان ’آتمہ نربھر ابھیان‘ کے تحت جموں کشمیر کے لئے کیا گیا ہے اور جس میں 6000 کروڑ پاور سیکٹر کے لئے مقرر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں، آٹو ڈرائیوروں، ہاوس بوٹ مالکان اور شکارا والوں کے لئے ایک الگ پیکیج کے بارے میں بھی سوچ رہی ہے کیونکہ یہ سبھی لوگ گذشتہ 20 سال کے دوران کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مارچ 2021ء تک سٹیمپ ڈیوٹی سے چھوٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم اکتوبر کو جموں کشمیر کی ہر برانچ پر نوجوانوں بشمول تاجروں کیلئے ایک خصوصی ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 887197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش