0
Saturday 19 Sep 2020 20:02

کراچی میں پانی اور بجلی کے بعد اب گیس بُحران بھی سر اُٹھانے لگا

کراچی میں پانی اور بجلی کے بعد اب گیس بُحران بھی سر اُٹھانے لگا
اسلام ٹائمز۔  شہر قائد میں بجلی کی طویل بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے بعد مقامی صنعتوں کے ساتھ اب شہرکے گھریلو صارفین بھی گیس پریشر میں کمی سے شدید مشکلات کی زد میں آگئے ہیں۔ کراچی کے علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی، لسبیلہ، قیوم آباد، کورنگی، کیماڑی، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس پریشر میں کمی کی شکایات ہیں جس سے گھریلو صارفین کو کھانے پکانے سمیت دیگر امور میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ شہری گیس کے حصول کیلیے مہنگے ایل ہی جی سلنڈرز کا سہارا لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیس کی کمی کو جواز بناتے ہوئے کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں 3 سے 9 گھنٹے تک کی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جب کہ ایس ایس جی سی نے سی این جی اسٹیشنز کو بھی چوبیس گھنٹے کے لئے گیس سپلائی معطل کردی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گیس پریشر کی بحالی کے ساتھ  صورتحال بہتر ہو جائیگی جبکہ ایس ایس جی ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف گیس فیلڈز سے مطلوبہ مقدار موصول نہیں ہورہی جس کی وجہ سے گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے، جسے پورا کرنے کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی صبح آٹھ بجے سے چوبیس گھنٹے کے لئے گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔ دوسری جانب ایف بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عابد عبداللہ نے میڈیا کو بتایا کہ گیس پریشر کم ہونے سے صنعتی پیداواری عمل شدید متاثر ہورہا ہے۔

عابد عبداللہ کے مطابق پورے ہفتے گیس پریشر میں تسلسل سے 50 فیصد کمی نے ایس ایس جی سی کی صنعتی علاقوں میں ہر اتوار کو گیس لوڈشیڈنگ کی اہمیت ہی ختم کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر اور برآمدات کو شدید دھچکا لگ رہا ہے، بیرونی خریداروں کے برآمدی آرڈرز کی عدم تکمیل کی وجہ انکی شپمنٹس تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں جس سے مقامی صنعتوں کو موصول ہونے والے برآمدی آرڈرز کی منسوخی کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں، صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صنعتی پیداوار 50 فیصد گھٹ گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 887227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش