QR CodeQR Code

ملتان، اہل سنت اتحاد کا اجلاس، انتظامات کو حتمی شکل دیدی، مفتی منیب الرحمن خصوصی شرکت کریں گے 

19 Sep 2020 20:09

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مدارس دینیہ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ عظمت صحابہ و اہل بیت کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے، جنوبی پنجاب کے اہل اسلام محبت صحابہ و اہل بیت سے سرشار ہو کر اٹھ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ناموس رسالت و عظمت صحابہ و اہل بیت مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہل سنت اتحاد کی مرکزی قیادت اور کمیٹیوں کے ذمہ داران کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی صدارت میں جامعہ خیر المدارس ملتان میں ہوا۔ اجلاس میں مولانا فاروق احمد خان سعیدی، علامہ خالد محمودندیم، مولانا زبیر احمد صدیقی، محمد ایوب مغل، میاں آصف محمود اخوانی، مولانا ایاز الحق قاسمی، مفتی محمد عثمان پسروری، تاجر رہنما ملک سلطان محمود، مولانا عبدالرحیم گجر، مولانا عنایت اللہ رحمانی، محمد یونس بخاری، مولانامحمدوسیم اسلم، حاجی عاشق علی قادری حسان اخوانی اور زاہد مقصود قریشی وغیرہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے ساتھ طے ہوا کی مارچ 2بجے سے بعد نماز عصر تک جاری رہے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مدارس دینیہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ عظمت صحابہ و اہل بیت کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ جنوبی پنجاب کے اہل اسلام محبت صحابہ و اہل بیت سے سرشار ہو کر اٹھ کھڑے ہیں۔ یہ مارچ تاریخ کا عظیم ترین مارچ ہوگا۔ علامہ فاروق احمد خان سعیدی نے کہا عشق رسول اور حب آل و اصحاب میں سب اختلافات بھلا کر متحد ہو گئے ہیں۔ مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ علامہ خالد محمود ندیم نے کہا حکومت آنکھیں کھول کر امت کا اضطراب دیکھے اور مقدس شخصیات کا تقدس یقینی بنائے۔ مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہا 24ستمبر کے مارچ میں ملتان کی سڑکیں اور چوک صحابہ و اہل بیت کے متوالوں سے بھر جائیں گی۔ واضح رہے کہ کراچی کی طرز پر ملتان میں بھی دیوبندی، اہلحدیث اور بریلیوں کا مشترکہ پروگرام 24 ستمبر کو ملتان میں ہوگا جس میں مفتی منیب الرحمن، سینیٹر ساجد میر، حامد سعید کاظمی اور قاری حنیف جالندھری خطاب کریں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 887228

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887228/ملتان-اہل-سنت-اتحاد-کا-اجلاس-انتظامات-کو-حتمی-شکل-دیدی-مفتی-منیب-الرحمن-خصوصی-شرکت-کریں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org