0
Sunday 20 Sep 2020 09:23

اے پی سی سے پہلے سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس شروع

اے پی سی سے پہلے سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس شروع
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کی اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی، اپوزیشن نے حکومت گرانے کے لیے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا مطالبہ کرے گی۔ اس سے پہلے بلاول ہاوس اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس شروع ہوگیا جس میں بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنما مشاورت کر رہے ہیں، تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے خطابات بھی اہم ہوں گے، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، اسفند یار ولی خان، آفتاب شیرپاوٴ بھی خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر غور ہوگا ساتھ ہی حکومتی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر تمام جماعتیں حکومت گرانے اور ملک گیر منظم تحریک چلانے کا مطالبہ کریں گی۔

اے پی سی میں گلگت بلتستان الیکشن، گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور حکومت کی کشمیر پالیسی کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ مذہبی جماعتیں بھی حالیہ صورتحال پر اپنا موقف سیاسی قیادت کے سامنے رکھیں گی۔ اجلاس میں ایف اے ٹی ایف مسائل، حکومت کی متنازع قانون سازی اور خطے کی بدلتی صورتحال بھی زیربحث آئے گی۔ جے یو آئی کا چار رکنی وفد مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ جے یوآئی کے وفد میں مولانا فضل الرحمان، اکرم درانی اور عبدالغفور حیدری شامل ہوں گے۔ تمام 11 جماعتوں سے کم از کم تین تین ارکان کا وفد اے پی سی میں شریک ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کا 13 رکنی وفد اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ مسلم لیگ نے وفد اور ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی۔

مسلم لیگ ن کے وفد کی قیادت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کریں گے جبکہ وفد میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور مریم نواز، احسن اقبال، ایاز صادق، پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، امیر مقام اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں مزید 2 صوبائی صدور کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب مسلم لیگ نون سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اور بلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ وفد میں شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان، نیر بخاری، راجہ پرویزاشرف، فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ سمیت سینئر ارکان شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 887324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش