1
Sunday 20 Sep 2020 23:59

ایران کیخلاف مسخرے بازی پر مبنی بھدی امریکی نمائش کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے، چین

ایران کیخلاف مسخرے بازی پر مبنی بھدی امریکی نمائش کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے، چین
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں تعینات چینی سفارتی مشن نے ایران کے خلاف ٹرگر میکنزم (Snapback) فعال کئے جانے پر مبنی امریکی بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں لکھا ہے کہ اب ایران کے خلاف جاری مسخرے بازی پر مبنی بھدی امریکی نمائش کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے کیونکہ ایران سے اٹھائی جانے والی سلامتی کونسل کی پابندیاں اب معطل شدہ ہی باقی رہیں گی۔ چینی مشن کے بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے میں موجود تمام فریقوں کا یہ موقف بھی روز روشن کی طرح واضح ہے کہ امریکہ اب اِس جوہری معاہدے کا رکن نہیں لہذا اُس کی جانب سے ٹرگر میکنزم کے فعال کئے جانے کا دعوی مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ چینی مشن نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ ہم اس معاہدے کی حفاظت میں پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کی صبح اعلان کیا گیا تھا کہ اسلحہ جاتی پابندیوں سمیت، ایران پر عائد سلامتی کونسل کی تمام پابندیاں دوبارہ سے لاگو کر دی گئی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ایران کو مغربی ایشیائی خطے کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ آج ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی ان پابندیوں کے پلٹنے کا خیرمقدم کرتا ہے جو قبل ازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔ دوسری طرف ایرانی جوہری معاہدے کے رکن 3 یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے بھی اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں نہ صرف ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کے دوبارہ لاگو ہونے کے امریکی دعوے کی تردید کی گئی تھی بلکہ ایرانی جوہری معاہدے کے ذریعے حاصل شدہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی پابندی پر بھی تاکید کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 887433
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش