QR CodeQR Code

الیکشن کے ذریعہ ملک پر مصنوعی سیٹ اپ مسلط کیا گیا، احسن اقبال

21 Sep 2020 08:59

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں جو مصنوعی سیاسی ڈھانچے کھڑے کرتی ہے وہ دیرپا ثابت نہیں ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نواز لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے ذریعہ ملک پر مصنوعی سیٹ اپ مسلط کیا گیا، حکومت کو مزید مہلت دینا ملک کے مستقبل پر سمجھوتہ کرنے کے مترادف ہے، فیصلہ کن جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا، حکومت کے خلاف جلسے جلوس، دھرنے اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن زیر غور ہیں، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر درجہ بدرجہ دباؤ بڑھائیں گے، روایتی اور غیر روایتی تمام اقدامات اپوزیشن کی حکمت عملی کا حصہ ہوں گے، اسمبلیوں سے استعفیٰ آخری آپشن ہو گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نواز لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام حکومت سے نجات دلانے کیلئے اپوزیشن سے مطالبہ کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کی باتیں بھی ہمارے فیصلوں میں شامل ہیں، اپوزیشن متفق ہے کہ پاکستان کو آئین کے چارٹر پر استوار کرنا ہو گا، ہم ملک میں آئین و قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں کنونشن لیگ اور (ق) لیگ کی طرح پی ٹی آئی حکومت مسلط کرنے کا تجربہ بھی ناکام ہو چکا ہے،اسٹیبلشمنٹ ملک میں جو مصنوعی سیاسی ڈھانچے کھڑے کرتی ہے وہ دیرپا ثابت نہیں ہوتے ہیں۔ امید ہے کہ ان اداروں نے یہ سبق سیکھ لیا ہو گا کہ اس طرح کام نہیں چل سکتا، انہوں نے 35سال محنت کر کے ملک میں سیاسی پیک لگانے کی کوشش کی آج ان کا نام و نشان نہیں ہے۔ امید ہے قومی ادارے اب سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے قومی دفاعی ادارے متنازع ہوں، ق لیگ بنانے کیلئے کروڑوں اربوں لگائے گئے آج اس کی حکومت کہاں ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 887465

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887465/الیکشن-کے-ذریعہ-ملک-پر-مصنوعی-سیٹ-اپ-مسلط-کیا-گیا-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org