0
Monday 21 Sep 2020 18:41

شہید علمدار کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو ملک گیر احتجاج کی کال دیدیں گے، علامہ اسدی

شہید علمدار کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو ملک گیر احتجاج کی کال دیدیں گے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ ڈی پی او منڈی بہاوالدین سید علی رضا اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں نے رواں ایک ہفتہ میں مثالی کردار ادا کرتے ہوئے فرائضِ منصبی کو نبھایا اور ضلع منڈی بہاوالدین میں منشیات فروشوں کیخلاف اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف جو اقدامات اُٹھائے وہ یقیناٙٙ قابلِ تعریف ہیں، لیکن میں ضلعی انتظامیہ کو امن و امان کی صورتحال جیسی اہم اور بھاری اور اولین ذمہ داری کی طرف توجہ دِلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 24 محرم الحرام کو ہیلاں گاوں میں اذانِ فجر کیلئے جاتے ہوئے ملک علمدار حُسین کو شہید کر دیا گیا تھا، جس پر پوری شیعہ قوم اور لواحقین نے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے پُرامن رہتے ہوئے انتظامیہ کو قانونی کارروائی اور قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا وقت دِیا تھا اور ایک بار پھِر امن پسند مِلت ہونے کا مُظاہرہ کیا گیا لیکن ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے نہ تو قاتلوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور نہ ہی وارثین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کیس کی پیشرفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کِیس روزِ روشن کی طرح واضح ہے، انتظامیہ کو محرم کی ابتداء میں ہی بار بار مطلع کرتے رہے، لیکن پولیس اور انتظامیہ کی مُجرمانہ خاموشی بھی اس سانحہ کی وجہ بنی، اور اب بھی شہید کے کیس کو دبانے کیلئے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا ہم وارثینِ شھداء اِس مُلک کے شہری نہیں؟ کیا ہمیں انصاف نہیں فراہم کیا جائے گا؟ پولیس انتظامیہ یہ کیوں بھول رہی ہے کہ ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے اور کیا قتل سے زیادہ بھی اہم کوئی مقدمہ ہے کہ جِسے پولیس انتظامیہ نے پسِ پُشت ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کا دامِن کبھی نہیں چھوڑیں گے لیکن اگر پولیس نے شہید کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار نہ کیا تو ہم پوری شیعہ قوم کو احتجاج کی کال دینگے اور اپنا قانونی اور اخلاقی حق لیے بغیر واپس گھروں کو نہیں جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 887565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش