0
Tuesday 22 Sep 2020 17:11

اسکول بند کرنے سے کچھ لوگوں نے غلط تاثر لیا کہ شاید بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے، شفقت محمود

اسکول بند کرنے سے کچھ لوگوں نے غلط تاثر لیا کہ شاید بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے، شفقت محمود
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اسکول کھلنے کے بعد ملک بھر میں کیسز میں اضافہ نہیں ہوا اس لیے اسکول کھولنے کے دوسرے مرحلے کے التوا کا کوئی جواز نہیں۔ اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران صحت کی صورتحال کا انتہائی بغور جائزہ لیا، مجھ سمیت ہمارے صوبائی وزرا نے اسکولوں کا دورہ کر کے وہاں معائنہ کیا اور کئی اسکول اس لیے بند نہیں کیے کہ وہان بیماری پھیلی تھی بلکہ اس لیے بند کیے کہ انہوں نے اسکول کھولنے کے لیے چے شدہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول بند کرنے سے کچھ لوگوں نے غلط تاثر لیا کہ شاید بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اور انہیں قواعد کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرا، سیکریٹریز اور باقی متعلقہ افراد شامل ہوئے، اس اجلاس وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے افراد بھی موجود تھے جس میں ہم نے انفیکشن، ٹیسٹنگ کا بغور جائزہ لیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ ساری چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کل سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کلاسز اسکول میں شروع ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے صرف ایک ضلع راولاکوٹ میں کلاسز شروع نہیں ہوں گی کیونکہ وہاں کچھ مسائل تھے لیکن باقی ساری جگہوں پر طالبعلم اصل ٹائم ٹیبل کے مطابق اسکول میں شرکت کریں گے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ابھی یہ نہیں کریں گے، پتہ نہیں کیوں نہیں کیا کیونکہ انفیکشن کی شرح تو وہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تھی کہ مشترکہ فیصلہ سارے ملک کے لیے ہوتا لیکن انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہفتہ اور جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ہم نے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تو یہ طے ہوا تھا کہ اسکول مرحلہ وار کھولے جائیں گے اور اس میں ہر ہفتے جائزہ لیا جائے گا کہ ملک بھر میں کیسز کی کیا تعداد تھی۔ انہوں کہا کہ اسکول کھلنے کے بعد پچھلے ایک ہفتے کے اندر ملک بھر میں کیسز میں کوئی تبدیلی محسوس نہیں ہوئی اور کیسز میں اضافہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مثبت کیسز کی شرح جون کے مہینے میں ایک موقع پر 22فیصد تک بھی پہنچ گئی تھی لیکن اس میں کمی آتی رہی اور اسکول کھلنے سے پہلے اس کی شرح 1.89فیصد تھی اور یہ شرح مستقل 2 فیصد سے نیچے چل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں نہ ہی ہمیں مجموعی کیسز کی تعداد میں کوئی خاص کمی دکھ رہی ہے کہ جس کی بنیاد پر ہم اگلے مرحلے کو التوا میں ڈالتے اور نہ ہی مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 887773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش